ریاض (ایچ ڈی نیوز)۔
سعودی کلب النصر میں منتقل ہونے والے سپر اسٹار کرسٹیانو رونالڈو سعودی عرب میں مہنگے ترین ہوٹل کے17کمروں پر مشتمل سوئٹ میں مقیم ہیں۔ اس کا ماہانہ کرایہ 3لاکھ ڈالرز (7 کروڑ روپے کے قریب) ہوگا۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو کیلئے ہوٹل کا 48 سے 50ویں منزلوں پر مشتمل کنگڈم سوئٹ ایک ماہ کیلئے بک کرایا گیا ہے۔
بتایا گیا کہ وہ کلب سے معاہدے کے تحت 428ملین ڈالر حاصل کرینگے، اس کے نصف انہیں بطور کھلاڑی جبکہ باقی سعودی عرب کی2030ورلڈکپ میزبانی کی کوششوں کیلئے بطور سفیر خدمات پر ملیں گے۔
واضح رہے کہ اس وقت کرسٹیانو رونالڈو اپنی گرل فرینڈ کو لے کر بھی سعودی عرب میں سرخیوں میں ہے۔ اس لئے کہ سعودی عرب کا قانون بغیر شادی شدہ جوڑے کو ایک ساتھ ہوٹل میں رہنے کی اجازت نہیں دیتا۔
دریں اثنا فرانسیسی خبررساں ادارے کے مطابق رونالڈو اور عالمی چیمپئن لیونل میسی19جنوری کو ریاض کے کنگ فہد اسٹیڈیم میں دوستانہ میچ میں مدمقابل ہوں گے۔ میسی کے کلب پی ایس جی کے خلاف یہ میچ رونالڈو کا النصر اور اس کا حریف کلب الہلال مل کر کھیلیں گے۔