ابوظہبی۔ سابق ہندوستانی بلے باز سریش رینا ابوظہبی ٹی۔10 (اے ڈی ٹی10) کے چھٹے سیزن میں کھیلتے نظر آئیں گے۔ 6 ستمبر میں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) اور ڈومیسٹک کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے رینا اپنا پہلا سیزن اے ڈی ٹی ٹن میں کھیلیں گے۔رینا ڈیکن گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کریں گے۔
ریناڈیکن گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں شامل ہوں گے اور آندرے رسل، تسکین احمد، جوش لٹل اور ڈیوڈ ویز کے ساتھ کھیلیں گے۔
رینا نے آئی پی ایل میں 5528 رن بنائے ہیں۔ وہ چنئی سپر کنگز کا حصہ رہ چکے ہیں۔ رینا نے 2016-2017 میں گجرات لائنز کی کپتانی بھی کی ہے۔ رینا نے گجرات لائنزکے لیے بھی کافی رنز بنائے۔رینا، جو مسٹر آئی پی ایل کے نام سے مشہور ہیں، نے ٹورنامنٹ کی تاریخ میں سی ایس کے فرنچائز کے لیے بلے باز کے طور پر سب سے زیادہ رن بنائے ہیں۔
رینا 2011 میں ون ڈے ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم انڈیاکا حصہ رہے ہیں اور 50 اوورس کے فارمیٹ میں 226 میچوں میں 5615 رن بنائے ہیں۔ انہوں نے 78 ٹی۔20 انٹرنیشنل میچوں میں 1604 رنز بنائے ہیں۔ انہوں نے ٹی ۔20 میں ایک سنچری بھی اسکور کی ہے۔
رینانے کہا، ”میں ڈیکن گلیڈی ایٹرز میں شامل ہونے پر بہت پرجوش ہوں اور امید ہے ہم اس سال خطاب برقرار رکھیں گے۔ میں ابوظہبی ٹی۔10 میں اس نئے چیلنج اور شائقین اور اپنی ٹیم کے لیے ایک شو پیش کرنے کے لیے کا منتظر ہوں۔ یہ ایک دلچسپ ٹورنامنٹ ہے اور میں اس کا حصہ بننے کے لیے بہت پرجوش ہوں“۔
ابوظہبی ٹی۔ 10 کا چھٹا سیزن 23 نومبر سے 4 دسمبر 2022 تک کھیلا جائے گا۔ گلیڈی ایٹرزپہلے روز ہی اپنا پہلا میچ ٹیم ابوظہبی کے خلاف کھیلتے ہیں اورپہلے دن کے دوسرے میچ کے لیے میدان میں اترتے ہیں۔گلیڈی ایٹرز کی ٹیم لیگ میں اپنا پہلا میچ ٹیم ابوظہبی کے خلاف کھیلے گی۔