آگرہ26دسمبر (ایچ ڈی نیوز)
چین سمیت متعدد ممالک میں ایک بار پھر کورونا کا قہر شروع ہوگیا ہے،لاک ڈاون اور پابندیوں کا نیا سلسلہ جاری ہے۔ہندوستان میں بھی کورونا کی لہر کا خدشہ زور پکڑنے لگا ہے۔چین سے کورونا کی انٹری ہو چکی ہے۔ایئر پورٹ پر بڑے پیمانے پر مسافروں کی چیکنگ اور جانچ کے لئے عملہ سر گرم ہوگیا ہے۔وزارت صحت اور وزیر اعظم کی میٹنگ کے بعد تمام ریاستوں میں الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔خاص طورپر چین سے واپس لوٹنے والے مسافروں پر خاص توہ دی جا رہی ہے۔دریں اثنا دو روز قبل چین سے آگرہ واپس آنے والا 40 سالہ شخص کورونا وائرس سے متاثر پایا گیا، جس کے بعد وہ اپنے گھر میں آئسولیشن میں ہے۔ آگرہ کے چیف میڈیکل آفیسر ارون سریواستو نے گزشتہ روز یہ معلومات دی۔ انہوں نے کہا کہ جینوم سکوینسنگ کے لیے اس شخص کا نمونہ لکھنؤ بھیجا جائے گا۔ سریواستو نے کہا، “وہ شخص اپنے گھر میں کورنٹائن ہے اور محکمہ صحت کی ٹیم کو اس کے کنبہ کے افراد اور اس کے ساتھ رابطے میں آنے والے لوگوں کی جانچ کرنے کو کہا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق یہ شخص 23 دسمبر کو چین سے دہلی کے راستے آگرہ واپس آیا تھا، جس کے بعد اس نے ایک پرائیویٹ لیب میں اپنا ٹیسٹ کروایا۔ سریواستو نے کہا کہ اس شخص کے ٹیسٹ رپورٹ میں انفیکشن کی تصدیق ہوئی ہے۔ حکام نے بتایا کہ 25 نومبر کے بعد ضلع میں کورونا وائرس انفیکشن کا یہ معاملہ سامنے آیا ہے۔غور طلب ہے کہ چین سمیت کچھ ممالک میں کووڈ کے معاملات میں اضافے کے درمیان، مرکز نے انسداد انفیکشن اقدامات کو تیز کر دیا ہے۔ مرکز نے کہا تھا کہ چین، جاپان، جنوبی کوریا، سنگاپور اور تھائی لینڈ سے آنے والے مسافروں کے لیے RT-PCR ٹیسٹ کو لازمی قرار دیا جائے گا اور اس نے ریاستوں سے کہا تھا کہ وہ 27 دسمبر کو ‘ماک ڈرل’ منعقد کریں، جس میں طبی آکسیجن پروڈکشن پلانٹس بھی شامل ہیں، تاکہ صحت کی سہولیات کی تیاری کو یقینی بنایا جا سکے۔