عمران پرتاپ گڑھی نے سنبھالی تشہیر کی کمان،ریلیوں میں امڈرہی ہے زبردست بھیڑ مقابلہ صرف کانگریس اور بی جے پی کے درمیان:عمران پرتاپ گڑھی
نئی دہلی(ایچ ڈی نیوز)۔
گجرات میں الیکشن اپنے پورے شباب پر ہے تمام سیاسی پارٹیوں کے اسٹار پرچارک اپنی اپنی پارٹیوں کی تشہیر کے لئے پورے دل و جان سے میدان میں ڈٹے ہوئے ہیں۔ شروع میں جب الیکشن کا اعلان ہوا تو سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا تھا کہ اس مرتبہ کانگریس کونسی سی پالیسی اپنا رہی ہے کہ کہیں نظر ہی نہیں آرہی ہے۔ لیکن جیسے جیسے تشہیری مہم آگے بڑھی اور کانگریس کے اسٹار پرچارکوں نے کمان سنبھالی گجرات کا پورا ماحول ہی بدل گیا۔ جہاں کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے اپنی بھارت جوڑویاترا کو بیچ میں ہی روک کر دو دنوں کے گجرات کے دورے پر تشہیر کے لئے پہنچے وہیں کانگریس کے اسٹار پرچارک مشہور شاعر اور رکن پارلیمنٹ عمران پرتاپ گڑھی پوری طاقت کے ساتھ کانگریس کے حق میں ماحول بنانے میں لگے ہوئے ہیں۔ اور اس میں کافی حدتک کامیاب بھی نظر آرہے ہیں۔
رکن پارلیمنٹ عمران پرتاپ گڑھی جہاں جہاں ریلی کرنے جاتے ہیں لوگوں کی زبردست بھیڑ ان کی ایک جھلک پانے کے لئے بے قرار رہتی ہے۔لوگوں کا کہنا ہے کہ عمران پرتاپ گڑھی کی ریلیوں کی وجہ سے گجرات میں کانگریس کا زبردست ماحول بن گیا ہے اور سیدھا مقابلہ بی جے پی اور کانگریس میں ہوگیا ہے۔
آج عمران پرتاپ گڑھی گجرات کے جونا گڑھ اسمبلی حلقہ میں ریلی کرنے پہنچے تو عمران پرتاپ گڑھی کو سننے کے لئے اور ان کی ایک جھلک پانے کے لئے ہزاروں لوگ اکٹھا ہوگئے۔ عمران پرتاپ گڑھی کی ریلیوں میں امڈتے عوامی سیلاب کو دیکھ کر مخالفین کی نیندیں اڑگئی ہیں۔ اور ان کو اپنی شکست یقینی دیکھ کر اب الیکشن کو پوالرائز کرنے میں لگ گئے ہیں۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے رکن پارلیمنٹ اور کانگریس اقلیتی شعبہ کے چیئرمین عمران پرتاپ گڑھی نے کہا کہ گجرات میں صرف دو پارٹیوں کے درمیان ہی اصل مقابلہ ہے۔ اور کانگریس گجرات میں اس مرتبہ الیکشن جیت رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی اور اویسی کا تو گجرات میں کھاتہ بھی نہیں کھلے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دونوں پارٹیاں صرف بی جے پی کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کررہی ہیں لیکن عوام اب ہوشیار ہوچکی ہے اور وہ جانتی ہے کہ اسے کہاں ووٹ دینا ہے۔
بلقیس بانو کے معاملے پر عمران پرتاپ گڑھی نے مرکز اور ریاستی حکومت دونوں کو نشانہ پر لیا۔اور کہا کہ بلقیس بانو کے ساتھ ظلم وبربریت کرنے والوں کو حکومت کی شہ پر رہا کیا گیا اور بی جے پی کے ممبراسمبلی انہیں سنسکاری بتارہے ہیں۔ یہ کتنی شرم کی بات ہے۔
بی جے پی حکومت پر حملہ بولتے ہوئے عمران پرتاپ گڑھی نے کہا کہ گجرات میں کانگریس پورے جوش وجذبے کے ساتھ سب کو ساتھ لے کر الیکشن لڑرہی ہے۔گجرات میں عوام الیکشن لڑرہی ہے۔ 27سال کی بدحالی کے خلاف الیکشن لڑاجارہا ہے۔ عمران نے اس موقع پر گجرات میں اسکولوں کے بندہونے کا مدعہ بھی اٹھایا۔