نئی دہلی( ایچ ڈی نیوز)۔
دہلی میں میونسپل کارپوریشن میں کونسلروں کے انتخاب کیلئے ووٹنگ جاری ہے۔ اس درمیان کانگریس پارٹی کی اسٹیئرینگ کمیٹی کی میٹنگ ہوئی ہے۔سونیا گاندھی سمیت تمام بڑے رہنماؤں کو قومی صدر بننے کے بعد اسٹیئرنگ کمیٹی کی پہلی میٹنگ کو خطاب کرتے ہوئے ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ اگرکانگریس کا تنظیمی ڈھانچہ مضبوط ہوگا، جواب دہ بنے گا، لوگوں کی امیدوں پر کھرا اترے گا، تو ہم الیکشن میں جیت حاصل کرکے ملک کے لوگوں کی خدمت کرپائیں گے۔ میرا ماننا ہے کہ پارٹی اور ملک کے تئیں ہماری ذمہ داری کا سب سے بڑا حصہ ہے۔
سونیا گاندھی کا خصوصی استقبال کرتے ہوئے ملکارجن کھڑے نے کہا کہ سونیا گاندھی نے قیادت کی صلاحیت، بے انتہا محنت اور کانگریس کے بنیادی اصولوں میں اٹوٹ یقین کے ساتھ دو دہائی سے زیادہ پارٹی اور ملک کی رہنمائی کی ہے۔ مستقبل میں بھی ہم سب ان کی رہنمائی کے خواہشمند رہیں گے۔ میں ملک کے سامنے جو چیلنجز ہیں ان پر گفتگو کروں، اس سے پہلے میں آپ سب سے کانگریس کی تنظیمی ڈھانچہ کے بارے میں اور ہماری ذمہ داریوں کے بارے میں بات کرنا چاہوں گا۔
ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ میں پارٹی کے جنرل سکریٹریوں اور انچارجوں سے چاہوں گا کہ وہ سب سے پہلے خود کی ذمہ داری اور تنظیم کی ذمہ داری کو یقینی بنائیں۔ آپ اپنے آپ سے غور کریں کہ کیا جنرل سکریٹریز اور صوبوں کے انچارج، عہدیدار اپنی ذمہ داری والے صوبوں میں مہینے میں کم سے کم 10 دن دورہ کرتے ہیں۔ کیا آپ نے ہر ضلع، اکائی پر جاکر پارٹی کے رہنماؤں سے گفتگو کی ہے؟ کیا مقامی مسائل کو جانا ہے؟ کیا سبھی ضلع کانگریس و بلاک کانگریس کمیٹی کی تشکیل ہوچکی ہے؟ کیا آپ کی تنظیم زمینی حقیقت کے مطابق لوگوں کے لئے جدوجہد کررہی ہے؟ کیا بلاک اور ضلع سطح پر زیادہ سے زیادہ نئے چہروں کو موقع دیا گیا ہے؟ کتنی اکائیاں ایسی ہیں، جہاں ضلع اور بلاک، پانچ سال سے نہیں بدلے گئے؟ بلاک ضلع اور ریاستی سطح پر مقامی مسائل، ریاستی مسائل اور ملک کے سامنے چیلنجوں پر اے آئی سی سی کے حکم کے مطابق کتنی مرتبہ تحریک چلائی گئی ہے؟ کیا سرفہرست تنظیم، پارٹی کے ڈپارٹمنٹ اور ان کی اکائیاں ان طبقات کی آواز اٹھارہی ہیں جن کی آواز بننے کے لئے ان کی تشکیل ہوئی ہے؟
کانگریس کے قومی صدر نے جنرل سکریٹریوں و انچارجوں سے پوچھا آپ کی ریاست میں جس کے آپ انچارج ہیں، اگلے 30 دن سے 90 دن کے درمیان تنظیم اور عوامی مفاد کے مدعووں پر تحریک کے لئے کیا پلاننگ ہے؟ جن صوبوں میں آج سے سال 2024 کے درمیان اسمبلی الیکشن ہونے ہیں، وہاں الیکشن تک کیا پلاننگ و سرگرمی شیڈول ہیںْ۔ جب تک آپ خود آپ کے سکریٹریز، ریاستی کانگریس کے صدور، پارٹی کے ممبران اسمبلی و ممبران پارلیمنٹ ان سب اور دیگر اہم چیزوں کا خاکہ تیار کرکے زمینی سطح پر نافذ نہیں کریں، ہماری ذمہ داری مکمل نہیں ہوسکتی۔ پارٹی میں جہاں اپنی ذمہ داری کو نبھانے والے بہت ذمہ دار لوگ ہیں، وہیں کچھ ساتھیوں نے یہ مان لیا ہے کہ ذمہ داری نبھانے میں کمی کو نظرانداز کردیا جائے گا۔ یہ نہ تو ٹھیک ہے اور نہ ہی منظور کیا جاسکتا ہے۔ جو لوگ ذمہ داری نبھانے کے قابل نہیں ہیں، انہیں نئے ساتھیوں کو موقع دینا پڑے گا۔
ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ میں امید کرتا ہوں کہ آپ سب تنظیم و تحریک چلانے کا ایک خاکہ تیارکرکے اگلے 15 سے 30 دنوں میں اس پر مل بیٹھ کر مجھ سے چرچہ کریں گے۔ کانگریس اسٹیئرنگ کمیٹی کے اراکین و پارٹی کے دیگر رہنماؤں کو بھی ضرورت کے مطابق آپ اس پروگرام میں شامل کریں گے۔