لدھیانہ،14جنوری:
راہل گاندھی کی قیادت میں چل رہی کانگریس کی بھارت جوڑو یاترا ان دنوں پنجاب میں ہے۔اس دوران ایک سوگوار اطلاع موصول ہوئی ہے ،آج صبح کانگریس رکن پارلیمنٹ چودھری سنتوکھ سنگھ کا دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہو گیا۔وہ بھارت جوڑو یاترا کے دوران راہل گاندھی کے ساتھ چل رہے تھے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق پنجاب کے فلور میں پہنچی بھارت جوڑو یاترا کے دوران سنتوکھ سنگھ بے ہوش ہو گئے ۔انہیں پھگواڑا کے ایک اپستال لے جایا گیا جہاں بعد میں ان کی موت ہو گئی ۔چودھری سنتوکھ سنگھ جالندھر کے رکن پارلیمنٹ تھے ۔ان کے انتقال کے بعد بھارت جوڑو یاترا روک دی گئی ہے۔ راہل گاندھی بھی یاترا روک کا سنتوکھ سنگھ کو دیکھنے اسپتال پہنچے تھے ۔
کانگریس رکن پارلیمنٹ کے اچانک انتقال پر کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی اور تنظیم کے لئے ایک بڑا دھچکا ہے ۔انہوں نے ٹوئٹ کر کے کہا کہ ہمارے رکن پارلیمنٹ سنتوکھ سنگھ چودھری کے قبل از وقت انتقال کی خبر سن کر گہرا صدمہ پہنچا ہے ۔ان کا جانا پارٹی اور تنظیم کے لئے بڑا جھٹکا ہے۔ مصیبت کی اس کھڑی میں ہماری ہمدردیاں ان کے اہل خانہ اور چاہنے والوں کے ساتھ ہیں۔لوک سبھا اسپیکر اوم برلا اور کانگریس لیڈر جے رام رمیش سمیت متعدد رہنماؤں نے سنتوکھ سنگھ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔