نئی دہلی ، 28 جون (ایچ ڈی نیوز)۔
کانگریس نے الزام لگایا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے چار گنا زیادہ رقم دے کر امریکہ کے ساتھ ڈرون معاہدہ کیا ہے۔کانگریس کے ترجمان پون کھیڑا نے بدھ کو پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ امریکہ سے پریڈیٹر ڈرون کی خریداری میں یقینی طور پر کچھ گڑبڑ ہے۔ یہ معاہدہ ملکی مفاد میں نہیں ہے۔
کھیڑا نے کہا کہ دیگر ممالک نے اس کمپنی سے پریڈیٹر ڈرون چار گنا کم قیمت پر خریدے ہیں جبکہ ہندوستان کو یہ ڈرون بہت مہنگے لگے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم 31 ڈرون کے لیے 25 ہزار کروڑ دینے جا رہے ہیں۔کھیڑا نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو اس معاملے پر جواب دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ڈرون کی خریداری سے قبل کابینہ کمیٹی برائے سلامتی (سی سی ایس) کا اجلاس بھی نہیں ہوا۔تاہم وزارت دفاع نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ڈرون کی قیمت ابھی طے نہیں ہوئی۔
