نئی دہلی،11جولائی(ایچ ڈی نیوز)۔
مدھیہ پردیش کانگریس کمیٹی کے سکریٹری محمد عمر قاسمی نے صدر، وزیر اعظم، دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر، وزیر اعلیٰ اور پولیس کمشنر کو خط لکھ کر دہلی کے نریلا کے رہنے والے وکاس ببر سنگھولیا کی طرف سے بنائی گئی ایک ویڈیو پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اس پر پابندی عائد کی جائے۔خط میں کہا گیا ہے کہ اس ویڈیو کے ذریعے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے۔
مذکورہ ویڈیو میں خانہ کعبہ پر بھگوان شیو کی تصویر کمپیوٹر سے بنائی گئی ہے اور ایک گانا بھی فلمایا گیا ہے جس کے بول تیرے مکے مدینہ میں بھی میرا بھولا پوجا جاوے ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ گانا دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے والا ہے۔ خط میں اس ویڈیو کا لنک بھی دیا گیا ہے اور مطالبہ کیا گیا ہے کہ اس ویڈیو پر فوری پابندی عائد کی جائے۔ یوٹیوب پر اپ لوڈ کی گئی یہ ویڈیو دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی وائرل ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خانہ کعبہ شریف اور مدینہ شریف کا دنیا بھر کے مسلمانوں کے دلوں میں بڑا احترام ہے، کوئی مسلمان اس کی بے حرمتی برداشت نہیں کر سکتا۔ مذکورہ ویڈیو میں ایسی حرکت کر کے مسلمانوں کی تذلیل کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔انہوں نے نفرت پھیلانے والے اس ویڈیو پر پابندی لگاتے ہوئے ملک میں بدامنی پھیلانے اور یہ ویڈیو بنانے والے شخص وکاس ببر سنگھولیا کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس کی گرفتاری کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔