نئی دہلی، 21 مارچ (ایچ ڈی نیوز)۔
دہلی ہائی کورٹ کے جسٹس یشونت ورما کی سربراہی والی بنچ نے تین مالی سالوں کے لیے انکم ٹیکس کی ری – اسسمنٹ کارروائی کے خلاف کانگریس پارٹی کی درخواست کو مسترد کر دیا ہے۔ عدالت نے 20 مارچ کو فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔کانگریس پارٹی کی عرضی میں تین مالی سال 2014-15، 2015-16 اور 2016-17 کے دوران محکمہ انکم ٹیکس کے ری – اسسمنٹ کے عمل کو چیلنج کیا گیا تھا۔
سینئر وکیل ابھیشیک منو سنگھوی نے کانگریس پارٹی کی طرف سے پیش ہوتے ہوئے کہا کہ محکمہ انکم ٹیکس نے آخری تاریخ کے بعد کارروائی شروع کی ہے۔ وہ زیادہ سے زیادہ پچھلے چھ مالی سالوںکا ری اسسمنٹ کر سکتے ہیں۔
سماعت کے دوران جب عدالت نے پوچھا کہ کانگریس پارٹی کی طرف سے داخل کردہ انکم ٹیکس ریٹرن میں کیا فرق ہے ،تب انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے پیش ہوئے وکیل زوہیب حسین نے کہا کہ 520 کروڑ روپے بقایا ہیں۔ اس سے پہلے 13 مارچ کو دہلی ہائی کورٹ نے کانگریس پارٹی سے 105 کروڑ روپے کی وصولی کے حکم پر روک لگانے کی درخواست کو مسترد کر دیا تھا۔