بارہ بنکی(ابوشحمہ انصاری ؍ایچ ڈی نیوز)۔
گزشتہ دونوں بارہ بنکی دارالعلوم پیربٹاون کے کلرک حسیب احمد صدیقی کے ریٹائرمنٹ پر ایک الوداعی تقریب کا انعقاد ہوا۔ حسیب احمد صدیقی غیر تدریسی ملازمین ایسوسی ایشن مدراس عربیہ اتر پردیش کے صوبائی صدر و راجیہ کرمچاری سنیکت پریشد بارہ بنکی کے ضلع صدر کے عہدے پر بھی فائز تھے۔ اس تقریب میں مہمان خصوصی ضلع اقلیتی فلاح و بہبود افسر بالیندو کمار دویدی نے شرکت کرکے اپنے بیان میں کہا کہ حسیب احمد صدیقی نے جس توانائی ، جس ایمانداری اور جس لگن کے ساتھ ہم سے وابستہ ہوکر کر کام کرتے رہے ہیں ہم امید کرتے ہیں وہ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی اسی طرح ہمارا ساتھ دیتے رہیں گے۔ آپ کے 38 سالوں کا بہترین تجربہ ہمارے کام آسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مدرسہ کے بہت سے مدرسین کی کچھ دقتیں اور پریشانیاں ایسی ہوتی ہیں جن کا تصفیہ نہ ضلعی سطح پر ہوتا ہے اور نہ صوبائی سطح پر۔ لیکن جب ہم لوگ آپس میں بیٹھ کر بات اور مشورہ کرتے ہیں تو ان پریشانیوں کا حل آسانی سے نکل آیا کرتا ہے۔ میں یہاں کی انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اور میں بہت خوش قسمت ہوں جو آج حسیب صاحب کی وداعی تقریب میں شریک ہونے کا مجھے شرف حاصل ہو رہا ہے۔
تقریب میں شریک حافظ ایاز احمد مدینی نے کہا کہ حسیب صدیقی صاحب کا خدماتی دور بہت بے داغ رہا ہے۔ ان کی تقرری 16 مارچ 1986 کو ہوئی تھی اور ریٹائرمنٹ 30 ستمبر کو ہوا ہے۔
اکثر دیکھنے اور سننے کو ملتا ہے کہ استاد نے کسی بچے کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا ، ان کے ساتھ انصاف نہیں کیا ، ان کی حق تلفی کی ، وقت پر مدرسہ نہیں پہونچے ، اور وقت سے پہلے مدرسہ سے نکل جاتے ہیں۔ ایسے اساتذہ کے ریٹائرمنٹ پر ان کے لئے کوئی تقریب نہیں ہوتی نہ ہی ان کو الوداعیہ دیا جاتا ہے۔ اور جو استاد لگن ، محنت اور بڑی ذمہ داری سے کام کرتا ہے۔ اس کے ریٹائرمنٹ پر مدرسہ کی کمیٹی اور اساتذہ اس کی گلپوشی کرکے شاندار الوداعیہ دیتے ہیں۔ اسے یہ احساس دلاتے ہیں کہ آپ نے بہترین انداز میں ہمارے مدرسہ میں خدمات انجام دی ہیں آپ کے جانے سے ہمیں افسوس ہو رہا ہے۔ کچھ اساتذہ کبھی کمیٹی کا قریبی ہونے کا بھی ناجائز فائدہ اٹھاتے ہیں انہیں اپنی آخرت کی فکر نہیں ہوتی۔ جس استاد کا کمیٹی سے قرب اور لگاؤ زیادہ ہوتا ہے وہ میدان عمل سے اتنا ہی دور ہوتا ہے۔ اس لئے حسیب احمد صدیقی صاحب ، انوار انصاری صاحب اور محمدسلیم صاحب آپ سب بہت خوش قسمت ہیں کہ آج آپ لوگوں کو ضلع اقلیتی فلاح و بہبود افسر کی موجودگی میں الوداعیہ دیا جارہا ہے۔ میں بھی آپ سبھی کو مبارکباد دیتا ہوں۔
اس تقریب میں مفتی محمد الیاس پرنسپل دارالعلوم پیربٹاون ، محمدانوار انصاری ضلع صدر غیر تدریسی ملازمین ایسو سی ایشن ، مولانا فہیم مینیجر مدرسہ سالاریہ سترکھ ، مولانا واجد صدیقی پرنسپل مصباح العلوم دیویٰ ، مولانا اصغر علی ندوی پرنسپل معین الاسلام سنڈھیا مئو ، اسرائیل قریشی ضلع صدر ٹیچرس ایسو سی ایشن مدارس عربیہ بارہ بنکی ، خورشید عالم صوبائی سیکریٹری ، سرورعلی ضلع سیکریٹری ، محمدابوذر غفاری مینیجر ، محمدعمران ، وقار احمد ، محمداسلم ، تاج محمد ، محمداشرف ، محمدسلیم ، محمدعمر ، شاذی فاطمہ ، نصرت فاطمہ ، عبد الرحیم ، ابوزبیر ، شمع رسول ، محمداشتیاق ، محمدعقیل ، صالحہ خاتون اور سکینہ بانو کی شرکت قابل ذکر ہے۔