نئی دہلی (ایچ ڈی نیوز)۔
سنٹرل کونسل فار ریسرچ اِن یونانی میڈیسن (سی سی آر یو ایم)، وزارت آیوش، حکومت ہند نے اپنے صدر دفتر، نئی دہلی میں ’ایکسل میں شماریاتی تجزیہ: تجاویز اور تکنیک‘ کے موضوع پر ہائبرڈ موڈ میں ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا۔
افتتاحی کلمات میں پروفیسر عاصم علی خان، ڈائریکٹر جنرل، سی سی آر یو ایم نے اس بات پر زور دیا کہ شماریاتی تجزیہ طبی تحقیق کا اہم حصہ ہے لہذا ہر محقق کو شماریاتی تجزیہ کے مبادیات کا علم ہونا چاہیے اور بنیادی شماریاتی سافٹ ویئر سے واقفیت بھی ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اس ورکشاپ کا مقصد ایکسل سافٹ ویئر کے ذریعے شماریاتی تجزیہ نگاری میں شرکاءکی استعداد کار کو بڑھانا ہے۔
ڈاکٹر ورشا چورسیا، اسسٹنٹ پروفیسر، دہلی فارماسیوٹیکل سائنسز اینڈ ریسرچ یونیورسٹی، حکومت دہلی نے ڈاٹا کی تدوین، تجزیہ اور نمونہ سازی سے متعلق تجزیہ جیسے دیگر امور سے متعلق ایکسل کے استعمال کی تربیت فراہم کی۔ ڈاکٹر ناہید پروین، اسسٹنٹ ڈائریکٹر (یونانی)، سی سی آر یو ایم کے کلمات تشکر کے ساتھ ورکشاپ اختتام پذیر ہوا۔