ریاض،27فروری(ایچ ڈی نیوز)،
سعودی عرب میں اسلامی امور اور دعوت و ارشاد کے وزیر ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ نے اتوار کو اپنے دفتر میں ویانا کے کارڈینل آرچ بشپ ڈاکٹر کرسٹوف شونبرن سے ملاقات کی۔ آرچ بشپ ان دنوں ویٹی کن سے سعودی عرب آئے ہوئے ہیں۔ دونوں نے مشترکہ تشویش کے مسائل پر بات چیت کی۔ خاص طور پر دونوں ملکوں کے درمیان تعاون اور موثر رابطے کو مضبوط بنانے ، نفرت اور انتہا پسندی کا مقابلہ کرنے اور بقائے باہمی کو پھیلانے کے امور پر تبادلہ خیا ل کیا گیا۔
ملاقات کے دوران آل الشیخ نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت میں سعودی عرب کی طرف سے اسلام کے اصولوں کو پھیلانے اور اعتدال کے طریقہ کار کے مطابق مذہبی گفتگو کی تفہیم کو درست کرنے کی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ مملکت روا داری پھیلانے کے لیے عالمی سطح پر بین الاقوامی فورمز اور کانفرنسوں کی حمایت کرتی ہے اور لوگوں کے درمیان عظیم انسانی اور مشترکہ اقدار کو پھیلانے اور دنیا میں امن اور ہم آہنگی پھیلانے کے لیے بین الاقوامی کوششوں کی حمایت کرنے میں ایک ماڈل کے طور پر کام کر رہی ہے۔کارڈینل ڈاکٹر شونبرن نے اس موقع پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے امن، محبت اور انصاف کو پھیلانے کی کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی رہنماؤں کے درمیان بات چیت کے کلچر کو فروغ دینے اور تعمیر کرنے کے لیے مشترکہ کام کی بڑی اہمیت ہے۔
