دیوبند،3 جنوری(رضوان سلمانی ایچ ڈی نیوز)
انکم ٹیکس کی ٹیم نے آج سہارنپور میں بی ایس پی کے ممبر آف پارلیمنٹ حاجی فضل الرحمان کی لنک روڈ پر واقع رہائش گاہ پر چھاپہ مارا،اتنا ہی نہیں بلکہ ان کے دیگر مقامات پر ٹیم کارروائی کررہی ہے،کارروائی کے دوران فورس کے جوان رکن پارلیمنٹ کی رہائش گاہ کے باہر تعینات کئے گئے ہیں۔ بتایا گیا کہ رکن پارلیمنٹ کی ایک مکان میں تالا لگا یا ہوا ہے جب ٹیم ان کی دوسری رہائش گاہ پر جانچ میں مصروف ہے۔ منگل کی صبح تقریباً گیارہ بجے 15 گاڑیوں میں سوار ہوکر آئیں محکمہ انکم ٹیکس کی پانچ ٹیموں نے آئی ٹی بی پی کے جوانوں کے ساتھ مل کر چھاپہ مار کارروائی شروع کی، جو خبر لکھے جانے تک جاری تھیں۔معلومات کے مطابق محکمہ انکم ٹیکس کی ٹیمیں ہریانہ اور دہلی سے آئی ہیں۔
دونوں رہائش گاہوں کے علاوہ بی ایس پی ایم پی کی فیکٹری اور ہروڑہ میں واقع دفتر پر بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔رکن پارلیمنٹ کی رہائش گاہ پر چھاپہ ماری کے دوران ہتھیاروں سے لیس آئی ٹی بی پی کے جوانوں کو تعینات کیا گیا ہے۔انکم ٹیکس کی اس اچانک کارروائی سے علاقہ میں کھلبلی مچ گئی اور دن بھر ضلع میں حاجی فضل الرحمن کے خلاف کی گئی اس کارروائی پر لوگ چرچہ کرتے نظر آئے۔انکم ٹیکس ٹیم نے گھر کے باہر تعینات اہلکاروں کے ذریعہ کسی کو بھی نہ باہر نکلنے دیا جا رہا ہے اور نہ ہی کسی کو ممبر پارلیمنٹ کی رہائش گاہ میں داخل ہونے دیا جا رہا ہے ۔بتایا گیا کہ دہلی اور ہریانہ کے محکمہ انکم ٹیکس کے اہلکار صبح 11 بجے سے تحقیقات میں مصروف ہیں جبکہ مقامی پولیس کارروائی سے متعلق کسی بھی قسم کی معلومات سے انکارکررہی ہے۔محکمہ انکم ٹیکس کی گاڑیاں بی ایس پی ایم پی کی رہائش گاہ کے باہر کھڑی ہیں جبکہ کچھ گاڑیاں فیکٹری کے گیٹ کے باہر کھڑی ہیں۔ بتایا گیاہے کہ چھاپے کے لیے افسران تقریباً 15 گاڑیوں میں سہارنپور پہنچے ہیں۔
واضح رہے کہ حاجی فضل الرحمان گوشت اور ریت بجری کے کاروبار سے وابستہ ہیں۔حاجی فضل کی دو رہائش گاہوں سمیت گوشت فیکٹری اور دفتر پر یہ چھاپہ ماری کی جارہی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مرکزی ایجنسی کی ٹیم بی ایس پی رکن اسمبلی حاجی فضل الرحمن کے ا سٹون کریشر پر بھی پہنچ گئی ہے۔ مرکزی ایجنسی حاجی فضل الرحمن کی رہائش گاہوں کے علاوہ سہارنپور میں گوشت کی فیکٹری اور ہریانہ میں گوشت کی فیکٹری پر بیک وقت چھاپے مار کارروائی کررہی ہے۔