اعظم گڑھ،عبدالرحیم شیخ
بیناپارہ برائٹ فیوچر کوچنگ سینٹر بیناپارہ میں تعلیمی بیداری کے موضوع کے تحت ایک پروگرام منعقد کیا گیا جس میں ماہرین نے تعلیم اور اس کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے تعلیم کے میدان میں کیسے آگے بڑھا جاسکتا ہے پر سیر حاصل بحث کی. پروگرام میں کوچنگ کے طلبہ کے کو سرٹیفکیٹ اور میڈلس سے نوازا گیا۔
برائٹ فیوچر کوچنگ سینٹر بیناپارہ کی طرف سے بیناپارہ میں اتوار کے روز ایک پروگرام منعقد ہوا. پروگرام کا افتتاح نیاز نیشنل اسکول کے نونہال شاگرد محمد ذکی ولد شفیق پردھان راجہ پور سکرور نے کیا۔
پروگرام کی صدارت کرتے ہوئے بیناپارہ انٹر کالج کے استاد ماسٹر ارشد نسیم صاحب نے کہا کہ سب سے پہلے میں کوچنگ کی انتظامیہ کو تعلیم جیسے موضوع پر اس پروگرام کے لئے بہت بہت مبارکباد پیش کرتا ہوں. مزید کہا کہ یہ ہمارے نونہال ہمارا مستقبل ہیں آگ ہم نے آج ان کی تربیت صحیح طریقے سے کرلی تو ہمارا مستقبل سنور سکتا ہے۔ ڈاکٹر اظہر صاحب نے اپنے تعلیمی سفر کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ آج ملک اور بیرون ممالک میں نوکری کی کمی نہیں بلکہ صلاحیتوں کا فقدان ہے اگرآج ہم اپنی صلاحیت بناتے ہیں تو ہمارا مستقبل سنور سکتا ہے۔ ڈاکٹر اجمل صاحب نے تعلیم کی اہمیت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم ہی ایک ایسی چیز ہے جس کی بنیاد پر ہم خود اپنے اندر اور معاشرے کے اندر تبدیلی لا سکتے ہیں۔
پروگرام کی نظامت کررہے کوچنگ کے مینیجر بلال جامعی صاحب نے کہا کہ ہم نے اس کوچنگ کا انعقاد اپنے گاؤں بیناپارہ اور قرب وجوار میں ایک تعلیمی تبدیلی لانا چاہ رہے ہیں اور ابھی تک ہم الحمد للہ اس مقصد میں کامیاب ہیں۔ اس پروگرام میں فرقان ، ذیشان، ابوزید اعظمی، کیف الدین سر، حافظ ابوحمزہ، اس کے علاوہ بیناپارہ اور قرب وجوار کے سیکڑوں لوگ موجود تھے۔