نئی دہلی،05اکتوبر(ایچ ڈی نیوز)۔
2024 کے لوک سبھا انتخابات کو مدنظر رکھتے ہوئے، بی جے پی اقلیتی مورچہ کا ایک بڑا منصوبہ تیار کیا گیا ہے، جس کے پیش نظر اقلیتی مورچہ جلد ہی ‘اقلیتی سنیہ سمواد’ یاترا نکالے گا، اس کے پیش نظر ایک جائزہ میٹنگ بی جے پی ہیڈکوارٹر پر مورچہ نے منعقد کی۔ بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری شری رادھا موہن اگروال نے بی جے پی اقلیتی مورچہ کی جائزہ میٹنگ میں حصہ لیا، اس میٹنگ میں انہوں نے کہا کہ 65 سالوں سے مسلمانوں کو صرف ووٹ کا موضوع بنا کر رکھا گیا ہے۔شری رادھاموہن اگروال نے کہا کہ آزادی کے بعد مسلمانوں کو ہندوؤں سے الگ رکھا گیا اور انہیں ہندوؤں کے ساتھ قومی دھارے میں شامل ہونے سے روکنے کی ایسی کوششیں کی گئیں کہ اس ملک میں ایسے حالات پیدا کیے گئے کہ ہندوؤں اور مسلمانوں کے درمیان ہمیشہ تناؤ بنا رہے تاکہ مسلمان ڈر ے ہوئے ووٹر کی طرح ووٹ ڈالیں۔ ان 65 سالوں میں مسلمانوں کے تعلیمی، سماجی اور مذہبی نظام کو جدید بنانے کی کوئی کوشش نہیں کی گئی، بلکہ انہیں ایک سازش کے تحت پسماندہ رکھا گیا، اگر ان کی تعلیم اور سماجی نظام کو جدید بنایا جاتا تو ہندوستان کے مسلمان اس وقت پوری دنیا کے مسلم معاشرہ میں جو تبدیلیاں رونما ہو رہی تھیں ان سے اچھوت نہیں رہتے!پوری دنیا کے مسلمان ایک الگ دھارے میں بہہ رہے تھے اور ہندوستان کے مسلمان ایک الگ دھارے میں بہہ رہے تھے۔
شری رادھاموہن اگروال نے کہا کہ پوری دنیا نے 1922 میں ہی طلاق ثلاثہ کو ختم کرنا شروع کر دیا تھا اور ہندوستان میں 65 سال تک مسلم معاشرے میں مسلم خواتین کو غلام بنا کر رکھا گیا، خواتین کو بااختیار بنانے کی بات ہو رہی تھی لیکن مسلم خواتین کو گھروں میںہی آزادی نہیں دی گئی۔ انھوں نے کہا کہ پی ایم مودی نے مسلم خواتین کو بااختیار بنانے کا کام کیا، اگر کسی نے مسلمانوں کو معاشی طور پر بااختیار بنانے، ملازمتوں کو بااختیار بنانے، ان کی وراثت کی عزت و تکریم کے حق کو تسلیم کرنے، ان کی تعلیم کو بااختیار بنانے کا کام کیا ہے۔ یہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی جی نے کیا ہے!ان کاموں کو ذہن میں رکھ کر اقلیتی مورچہ کے کارکنان مسلم کمیونٹی کے گھر گھر جائیں گے۔بی جے پی اقلیتی مورچہ کے نیشنل میڈیا انچارج یاسر جیلانی نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں ہندوستانی مسلمان قومی دھارے میں شامل ہونے کی طرف بڑھ رہے ہیں جس کے نتیجے میں ہندوستانی مسلمان آئندہ 2024 لوک سبھا انتخابا ت میں آنکھ موند کر اعتماد کرنے والے ہیں ۔ یہ میٹنگ بی جے پی اقلیتی مورچہ کے قومی صدر جناب جمال صدیقی کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں تمام ریاستوں کے نمائندے اور بی جے پی کے قومی نائب صدر جناب طارق منصور بھی موجود تھے۔
