میرٹھ، 20 جولائی (ایچ ڈی نیوز)۔
BJP-leaders-Protest-Shabina-Adeeb-Meerut-Nauchandi-Mela-Mushaira-Ban
مشہور شاعرہ شبینہ ادیب پر ہفتے کی رات میرٹھ میں نوچندی میلے کے پٹیل پویلین میں ہونے والے آل انڈیا مشاعرہ میں شرکت پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ بی جے پی لیڈروں کی مخالفت کے بعد ایڈیشنل میونسپل کمشنر ممتا مالویہ نے فون کرکے شبینہ کوپروگرام میں آنے سے منع کردیا۔ شمالی ہندوستان کے تاریخی نوچندی میلے میں سردار پٹیل پویلین میں ثقافتی پروگرام منعقد کیے جاتے ہیں۔
ہفتہ کی رات پٹیل منڈپ میں آل انڈیا مشاعرہ منعقد کیا جا رہا ہے۔ اس مشاعرے میں مشہور شاعر پروفیسر وسیم بریلوی، ڈاکٹر نواب دیوبندی، ڈاکٹر اعزاز پاپولر میرٹھی، شبینہ ادیب، جوہر کانپوری، اظہر اقبال سمیت 11 شعراءکو مدعو کیا گیا ہے۔ صوبائی درجہ ملنے کے بعد ضلع انتظامیہ نوچندی میلے کے انعقاد کی ذمہ داری نبھا رہی ہے اور پٹیل منڈپ کے پروگراموں کی ذمہ داری ایڈیشنل میونسپل کمشنر ممتا مالویہ کے پاس ہے۔شاعرہ شبینہ ادیب کے دورہ میرٹھ آنے کے بارے میں معلوم ہوتے ہی بی جے پی لیڈروں نے اس کی مخالفت کی۔
بی جے پی کے میٹروپولیٹن صدر سریش جین رتوراج اور میئر ہریکانت اہلووالیہ نے اس سلسلے میں میٹنگ بھی کی اورانتظامیہ کے سامنے شبینہ ادیب کے آنے کی مخالفت کی۔ سریش جین رتوراج کا کہنا ہے کہ شبینہ ادیب کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے، جس میں وہ بی جے پی کے خلاف ایک نظم پڑھ رہی ہیں۔ اس پر کارکنوں نے ناراضگی کا اظہار بھی کیا ہے۔ قیام امن کے پیش نظر ان کی آمد پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ شبینہ کے بغیر بھی پٹیل منڈپ میں مشاعرہ منعقد ہوگا۔ شبینہ ادیب کی نظم ’لہو روتا ہے ہندوستان‘ نظم پڑھنے کے بعد بی جے پی کارکن ناراض ہیں۔ اس لیے اس کی مخالفت کی گئی۔ معاملے کو سنبھالنے کے لیے انتظامیہ نے شبینہ ادیب کو فون لگایا اور مشاعرہ میں آنے سے روک دیا۔ مشاعرہ کی صدارت کرنے والے سابق وزیر ڈاکٹر معراج الدین کا کہنا ہے کہ کچھ لوگ غلط ذہنیت رکھتے ہیں۔ ان کی پرانی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ ایڈیشنل میونسپل کمشنر ممتا مالویہ کے مطابق بی جے پی لیڈروں کے اعتراض کے بعد مشہور شاعرہ شبینہ ادیب کوفون کرکے مشاعرہ میں آنے سے منع کیا گیا۔