بہار شریف/سہسرام، 2اپریل(ایچ ڈی نیوز)۔
بہار شریف میں ہفتہ کی رات اور آج صبح تک وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ رات میں ہوئی فائرنگ سے دو نوجوانوں کو گولی لگی تھی ، جس میں سے ایک نوجوان کی موت ہوگئی۔ پولیس لوگوں سے مسلسل امن برقرار رکھنے کی اپیل کر رہی ہے۔ رات بھر پولیس اہلکاروں نے فلیگ مارچ کیا اور مائیکنگ کے ذریعے لوگوں سے امن برقرار رکھنے کی اپیل کی۔ نالندہ میں حالات پر قابو پانے کے لیے کئی اضلاع کی پولیس کوبلائی گئی ہے۔
بہار شریف کے 3 محلہ پہاڑ پورہ ، خاص گنج اور گگن دیوان میں وقفے وقفے سے فائرنگ جاری ہے۔ شرپسند مذہبی مقام کے قریب کھڑے ہو کر فائرنگ کرتے رہے۔ جس کے جواب میں دوسری جانب سے پتھراو کیا گیا۔ اس فائرنگ میں ایک نوجوان کی موت ہو گئی ہے جبکہ دوسرا شخص زیر علاج ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے فائرنگ سے نوجوان کی ہلاکت کی تصدیق کر دی گئی ہے۔ پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔ انتظامیہ نے پورے بہار شریف میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ حالات کو قابو میں کرنے کے لیے نالندہ میں 5 اضلاع کی پولیس کو طلب کیا گیا ہے۔ رات بھر ہو رہی فائرنگ سے بہار شریف کے لوگ خوفزدہ ہیں۔ صبح تک صورتحال کافی خوفزدہ رہی۔ پولیس انتظامیہ نے حساس علاقوں میں فسادات پر قابو پانے کے لئے جوانوں کو تعینات کر دیا ہے۔ پولیس ٹیم نے رات بھر حساس علاقوں میں چھاپہ ماری کی۔ پولیس نے پہاڑ پورہ ، خاص گنج اور گگن دیوان علاقوں میں 50 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے۔
پٹنہ اے ٹی ایس کے ایس پی سنجے سنگھ اور سات ڈی ایس پی کو نالندہ پولیس کے ساتھ تعاون کے لیے نالندہ بھیجا گیا ہے۔ نالندہ کے ڈی ایم ششانک شوبھنکر اور ایس پی اشوک مشرا کو ہٹائے جانے کی بحث نالندہ میں زوروں پر ہے۔ حالانکہ پٹنہ کے انتظامی محکمہ کی طرف سے ابھی تک اس کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔ ضلع میں دفعہ 144 نافذ ہے۔ انٹرنیٹ سروس ابھی تک بحال نہیں ہو سکی۔ سہسراممیں بھی صورتحال مختلف نہیں ہے۔ ایک دھماکہ بھی ہوا جس میں 6 افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں کا علاج کیا جا رہا ہے۔ لواحقین کا الزام ہے کہ زخمیوں کا صحیح علاج نہیں کیا جا رہا۔
