پٹنہ، 23 دسمبر(ایچ ڈی نیوز)۔بہار میں کورونا انفیکشن قابو میں ہے ۔ حالانکہ چین ، جاپان اور یورپی ممالک میں ان دنوں کورونا انفیکشن کے معاملے کافی تیزی سے بڑھ رہے ہیں ۔ جنوری کے دوسرے ہفتے میں ایک بار پھر دنیا بھر میں انفیکشن پھیلنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ کورونا انفیکشن کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر محکمہ صحت پوری طرح الرٹ ہو گیا ہے۔ محکمہ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری پرتیہ امرت نے تمام میڈیکل کالج اسپتالوں کے پرنسپل، سپرنٹنڈنٹ اور تمام اضلاع کے سول سرجنوں کے ساتھ ایک ورچوئل میٹنگ کر کورونا مریضوں کے علاج ، دوا اور جانچ کے انتظامات کے بارے میں معلومات لی ہے اور الرٹ رہنے کی ہدایت دی ہے۔
بہار محکمہ صحت کے پرنسپل سکریٹری پرتیہ امرت نے ہدایت دی ہے کہ فی الحال جو بھی مثبت نمونے آرہے ہیں ا ن کا جینوم سیکوینسنگ آئی جی آئی ایم ایس میں کرانا یقینی بنایا جائے۔ ساتھ ہی انہوں نےمیڈیکل کالج اسپتالوں میں کچھ بیڈ کورونا مریضوں کے لئے ریزرو رکھنے کی ہدایت دی ہیں۔
حالانکہ پرتیہ امرت نے کہا ہے کہ اب ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے ، لیکن اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے تیار رہنے کی ضرورت ہے۔ پٹنہ ایئرپورٹ ، پٹنہ جنکشن پر ایک بار پھر کورونا کی جانچ ٹیم کو فعال کر دیا گیا ہے ۔ محکمہ صحت نے باہرسے آنے والے مسافروں کا رینڈم کووڈ ٹیسٹ کرانے کی ہدایت کی ہے۔
واضح ہو کہ محکمہ صحت کے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 46510 نمونوں کی جانچ کی گئی ہے جس میں ایک بھی مثبت معاملہ سامنے نہیں آیا ہے۔ اس وقت ریاست میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد صرف 3 ہے۔ جس میں دو مریض دربھنگہ اور ایک گیا کے ہیں ۔ محکمہ صحت نے ایک بار پھر عوام سے کورونا ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔ پرہجوم علاقوں میں ماسک پہننے کا مشورہ دیا ہے۔