نئی دہلی، 04 مارچ(ایچ ڈی نیوز)۔
جامعہ نگر علاقہ میں واقع بٹلہ ہاؤس چوک نئی دہلی میں یونانی دواؤں کے ایک اور مرکز’شفا یونانی دواخانہ ‘ کا قیام عمل میں آیا۔ اس دواخانہ کا صفدر جنگ ہاسپٹل میں واقع یونانی میڈیکل سینٹر کے سابق سربراہ مشہور و معروف یونانی ڈاکٹر سید احمد خاں نے فیتہ کاٹ کر افتتاح کیا۔
اس موقع پر انھوں نے کہا کہ اس طرح کے مراکز کے قیام سے طب یونانی کی ترویج و ترقی کو تقویت ملتی ہے۔عوام کو مناسب قیمت پر مفرد ومرکب ادویہ کی فراہمی ایک بڑا مسئلہ ہے۔ امید کی جاتی ہے کہ عوام کی بھلائی کے لیے اور ان کی ضرورتوں کے مطابق آسانی کے ساتھ یہاں سے دوائیں دستیاب ہوں گی ۔
اس موقع پر کثیر تعداد میں میں عوام اور یونانی ڈاکٹرز موجود رہے۔ خاص طور سے ڈاکٹر صغیر احمد صدیقی۔ ڈاکٹر حبیب اللہ، ڈاکٹرمحمد سلیم صدیقی۔ ڈاکٹر محمد عمران وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں۔
بٹلہ ہاؤس جامع مسجد کے خطیب وامام مولانا معین الدین زلفی کی دعا کے ساتھ رسم افتتاحی تقریب اختتام پذیر ہوئی۔