باندہ۔ اتر پردیش کے باندہ ضلع میں کشتی کے المناک حادثے میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر11 تک پہنچ گئی ہے۔ باندہ کشتی حادثے میں لاپتہ ہونے والے 17 افراد میں سے 8 افراد کی لاشیں آج ہفتہ کو نکال لی گئیں ان میں 5 مرد اور 3 خواتین شامل ہیں۔ تاہم دیگر لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے بچاو آپریشن جاری ہے۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ مرنے والوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ گزشتہ جمعرات کی دوپہر 33 مسافروں سے بھری ایک کشتی اچانک یمنا ندی میں حادثہ کا شکار ہو گئی ، جس کے بعد پورے علاقے میں کہرام مچ گیا۔
8 گھنٹے سے زیادہ وقت سے این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیم ریسکیو آپریشن میں لگی ہوئی ہے۔ باندہ کشتی حادثے میں لاپتہ افراد کی لاشیں فتح پور سے ملی ہیں۔ فتح پور کے ڈی ایم نے بتایا کہ کشن پور گھاٹ سے 2، نرولی گھاٹ سے 4، گرووال گھاٹ سے 1، اکڈلا گھاٹ سے 1 لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ بانڈہ کشتی حادثے میں اب تک مجموعی طور پر 11 لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔ آج آٹھ لاشیں برآمد ہوئیں اور ایک دن پہلے تین لاشیں برآمد ہوئیں۔ فی الحال لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو فی کس چار لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔
جمعرات کو باندہ ضلع کے مارکا تھانہ علاقے میں یمنا ندی میں کشتی ڈوب گئی تھی۔ اس حادثے میں 13 افراد کو بچا لیا گیا تھا اور 17 لوگ لاپتہ تھے۔ تاہم آج ان میں سے 8 کی لاشیں مل گئیں۔ نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) اور اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف) کے اہلکار لاپتہ افراد کا سراغ لگانے کی مسلسل کوششیں کر رہے ہیں۔ حادثے کے بعد بچاو کے کام میں مدد کے لیے پریاگ راج سے غوطہ خوروں کو بھی بلایا گیا ہے۔
previous post