مفتی احسن رضا قادری خطابت کے ساتھ تحریرو قلم کے بھی شہسوار ہیں:ڈاکٹر امجد رضا امجد
سیتامڑھی 04دسمبر(ایچ ڈی نیوز)
مدارس اسلامیہ کا وجود، اغیار کی نظر میں ہمیشہ کھٹکتا رہا ہےاور کھٹکتا رہے گا، کیوں کہ انھیں مدارس سے اسلامی محافظین کا دستہ تیار ہوکر اشاعتِ اسلام میں سرگرم عمل رہتا ہے ،اسی لیے باطل طاقتیں کبھی یہ نہیں چاہتیں کہ یہ محافظین و مبلغین ، اسلامی عظمت و ناموس کے تحفظ کے لیے متحرک رہیں، یہی سبب ہے کہ طرح طرح کی سازشوں کے ذریعے اہل مدارس کو نشانہ بناکر ہراساں کیا جاتا رہا ہے ، مگر فتنہ و فساد کے اس ماحول میں بھی اہل اسلام نے شعائرِ اسلامی کے تحفظ کے لیے ہمیشہ جان وتن کی بازی لگائی اور اپنا رشتہ ان مدارس سے کمزور نہیں ہونے دیا ، یہ باتیں مرکز علم و فن مدرسہ نورالہدی پوکھریرا کے دستاربندی کے اجلاس میں سابق ممبر پارلیمنٹ مولانا غلام رسول بلیاوی صدر مرکزی ادارہ شرعیہ پٹنہ نے کہی۔
انھوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ مدارس کی حفاظت کا عزم مصمم کرلیں دنیا کی کوئی بھی طاقت آپ کے مذہب و مسلک کو نقصان نہیں پہنچا سکتی۔ادارہ شرعیہ پٹنہ کے چیف قاضی ڈاکٹر مفتی امجد رضا امجد نے مدرسہ نورالہدی کے صدر مناظر اہل سنت خطیب الہند مفتی احسن رضا قادری باتھوی کی تصنیف کردہ کتاب بنام” تذکره فرزندان مدرسہ نورالہدی” کا اجرا کرتے ہوئے کہا کہ تذکرہ و تاریخ نویسی کے میدان میں مفتی احسن رضا قادری نے اس کتاب کے ذریعے اپنا قد اونچا کرلیا ہے۔
اب بہار کی علمی تاریخ ان کے ذکر کے بغیر ادھوری سمجھی جائے گی۔ مولانا قمرالزماں مصباحی نے اپنے خطاب میں اس کتاب کی اشاعت پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا کہ مفتی احسن رضا قادری خطابت کے ساتھ تحریرو قلم کے بھی شہسوار ہیں۔ایسے لوگوں کا وجود جماعت کے لیے نعمتِ عظمی سے کم نہیں۔ مولانا ریحان انجم مصباحی، مولانا اشکررضا لطفی مصباحی، مولانا صابرالقادری نے اپنے تاثرات قلبی پیش کیے۔شعرا میں توقیرالہ بادی، دلبر اسلمی، جوہر مظفرپوری، اصغر امام آسوی ،ساغرضیائی، دانش رضا اشکر، عبدالرحمن جامی وغیرہ نے منظوم خراج عقیدت پیش کرکے سامعین کو بیدار رکھا۔ بعدازاں مدرسہ نورالہدی سے فارغ ہونے والے حفاظ و قرا کے سروں پر دستار باندھی گئی ، قاری اعجاز احمد رضوی ناظم مدرسہ نورالہدی پوکھریرا نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا پھر صلوۃ و سلام کے بعد دعا پر اجلاس کا اختتام ہوا۔