نئی دہلی،17فروری(ایچ ڈی نیوز
ہریانہ کے بھیوانی میں جلتی ہوئی بولیرو جیپ میں دوجلی ہوئی لاشیں ملنے کے بعد افراتفری کا ماحول ہے۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت ناصر ( 25) اور جنید ( 35) کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں راجستھان کے بھرت پور کے رہنے والے ہیں۔ متوفی کے رشتہ داروں نے الزام لگایا ہے کہ بجرنگ دل کے دہشت گردوں نے ان دونوں کو بھرت پور سے اغوا کر کے قتل کر دیا۔ دونوں کی لاشیں بھرت پور سے تقریباً 200 کلومیٹر دور بھیوانی کے لوہارو میں ملی ہیں۔ مانا جا رہا ہے کہ یہ پورا معاملہ گائے کی اسمگلنگ سے جڑا ہوا ہے۔ تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ اس بات کی جانچ کی جا رہی ہے کہ معاملہ گائے کی اسمگلنگ کا ہے یا نہیں۔
ہریانہ کے بھیوانی میں لوہارو کے بارواس گاو¿ں کے نزدیک ایک جلی ہوئی بولیرو میں دو لاشیں ملی ہیں۔ پولیس نے جب جانچ کی تو پتہ چلا کہ بھوپال گڑھ، بھرت پور کے گھٹمی گاو¿ں کے رہنے والے خالد نے گوپال گڑھ تھانے میں دو لوگوں کے اغوا کی شکایت درج کرائی ہے۔
خالد کی شکایت کے مطابق اس کے دو کزن جنید اور ناصر کسی کام سے فیروز پور، ہریانہ گئے ہوئے تھے۔ لیکن ایک نامعلوم شخص نے انہیں فون کیا اور بتایا کہ ایک بولیرو کار میں سوار کچھ لوگ لڑتے جھگڑتے دو لوگوں کو جنگل کی طرف لے گئے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ انیل ، سری کانت ، رنکو سینی ، لوکیش سنگلا ، مونو نے دونوں کااغوا کر لیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ پانچوں ملزمین ہریانہ کے رہنے والے ہیں اور بجرنگ دل سے وابستہ ہیں۔
راجستھان سے اغوا ، ہریانہ سے لاش برآمد
گوپال گڑھ پولیس کا کہنا ہے کہ شکایت کے بعد دونوں نوجوانوں کی رات بھر تلاش کی گئی۔ لیکن صبح ہریانہ سے اطلاع ملی کہ ایک بولیرو جیپ جلی ہوئی ملی ہے جس میں لاشیں ملی ہیں۔ اس کے بعد گوپال گڑھ پولیس ہریانہ روانہ ہوگئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لاشوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کرایا جائے گا۔ پولیس نے مقتول کے بھائی کی شکایت پر 5 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
گاڑی کے چیسس سے گاڑی کے مالک کی شناخت اسین خان کے طور پرہوئی ہے۔ اس معاملے میں پولس نے کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔ اس سے پہلے پولیس نے کہا تھا۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ دونوں جاں بحق افراد کی موت گاڑی میں آگ لگنے سے ہوئی ہو یا جلنے سے ہوئی ہو۔
اویسی نے کارروائی کا مطالبہ کیا۔
اس معاملے میں اے آئی ایم آئی ایم کے صدر اسد الدین اویسی نے ٹویٹ کرکے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے ٹویٹ کیا ، ’ جنید اور ناصر کو دو دن پہلے اغوا کیا گیا تھا۔ آج ان کی جلی ہوئی لاشیں ملی ہیں۔ پولس نے بروقت کارروائی نہیں کی اور ابھی تک ملزمان کو گرفتار نہیں کیا۔’ اویسی نے یہ بھی الزام لگایا کہ اس واقعہ کو انجام دینے والے مشہورگﺅ رکشک ہیں۔ جنید اور ناصر کے اہل خانہ کے ساتھ انصاف کیا جائے۔