ملبورن،12نومبر(ہ س)۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ہمارا ایمان یہی ہے کہ جو کچھ بھی ہوتا ہے وہ اللہ کی طرف سے ہوتا ہے۔وہ ملبورن میں پریس کانفرنس کے دوران ’قدرت کے نظام سے‘ متعلق پوچھے گئے سوال کا جواب دے رہے تھے۔
بابر اعظم نے کہا کہ ہمارا ایمان ہی یہی ہے کہ جو کچھ بھی ہوتا ہے وہ اللّٰہ کی طرف سے ہوتا ہے۔بابر اعظم نے کہا کہ اللہ ہمیں موقع دیتا ہے، ہمارے ہاتھ میں کوشش کرناہے جو ہم کرتے ہیں اور اپنا بہترین دینے کی کوشش کرتے ہیں۔کپتان نے مزید کہا کہ نتیجہ اللہ کے ہاتھ میں ہے، بالکل اللہ نے ہی ہمیں موقع دیا جسے ہم نے پکڑ لیا اور اس کے بعد ہم نے چیزوں کو صحیح طریقے سے استعمال کیا۔بابر اعظم کا کہنا تھا کہ اللّٰہ کا شکر ہے کہ اس نے ہمیں فائنل میں پہنچایا اور انشا اللّٰہ فائنل بھی اللّٰہ ہی جتائے گا۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راونڈر شاداب خان نے کہا ہے کہ ٹی 20 ورلڈکپ کے فائنل کے لیے بہت پرجوش ہیں، ہماری طاقت بولنگ اور انگلینڈ کی طاقت بیٹنگ ہے، فائنل بہترین ہوگا۔برطانوی میڈیا پر انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ناصر حسین کو انٹرویو دیتے ہوئے شاداب خان نے کہا کہ انگلینڈ سابق چمپئن ہے اور اس کے پاس بہترین کھلاڑی بھی ہیں، دعاو¿ں نے کام کردیا اس لیے اب ہمارا وقت ہے۔
ورلڈ کپ کے سفر سے متعلق پوچھے گئے سوال پر شاداب خان نے کہا کہ بطور ٹیم ہم نے اچھا کھیلا، پاک بھارت میچ دونوں ٹیموں کے لیے بہت بڑا ہوتا ہے۔شاداب خان نے کہا کہ بھارت کے خلاف ہم نے میچ جیتنے کی کوشش کی تھی، بچپن سے ہم بھی یہی سوچتے تھے کہ ورلڈ کپ نہ جیتیں مگر ہم بھارت کو شکست دیں۔شاداب خان نے کہا کہ بھارت کے خلاف میچ میں سب نے سو فیصد کارکردگی دکھائی مگر ہم اچھا اختتام نہ کرسکے۔