نئی دہلی،07مئی (ایچ ڈی نیوز)۔
عوامی پارٹی اور دلت مزدورکسان پارٹی نے انڈیا الائنس کی حمایت کا اعلان کیا اور یہ فیصلہ دونوں پارٹیوں نے میٹنگ کے بعد لیا۔اعلان کرتے ہوئے انھوں نے اپنے کارکنوں اور عوام سے اپیل کہ وہ انڈیا الائنس کے امیدواروں کے حق میں ووٹ کریں ۔
انڈیا الائنس کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے عوامی پارٹی کے قومی صدرسید مشیر احمد نے کہا کہ حالیہ انتخابات کے تناظر میں ہندوستانی عوام کے سامنے مسائل و چیلنجز روز بروز بڑھتے جارہے ہیں ۔ بے روز گاری اور مہنگائی ملک کے سامنے سب سے بڑا چیلنچ ہے۔ فرقہ واریت اور تنگ سیاسی نظریات کے حامل افراد ہمارے ملک کی جمہوریت کو تباہ و برباد کر رہے ہیں جس کی وجہ سے لوگوںمیں کافی غم و غصہ اور بے چینی ہے۔ لیکن ہمیں ان حالات سے خوفزدہ یا مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ وقت کا تقاضہ ہے کہ اس وقت عزم و ہمت سے کام لیا جائے اور ان چیلنجوں پر قابو پانے کے لئے مسلسل کام کیا جائے اور حق رائے دہی کا استعمال صحیح امیدوار کے لئے کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ سرکار ہر سطح پر پوری طرح ناکام ہو چکی ہے اس لئے سرکار بدلنے کی ضرورت ہے کیونکہ بی جے پی سرکار نے ترقیاتی کام کرنے کے بجائے صرف ہندو مسلم کیا ہے جس کا نتیجہ ہے کہ ملک میں لوگ پریشان ہیں اور خوف و دہشت کے ماحول میں زندگی گذار رہے ہیں اس لئے عوامی پارٹی کی ملک کے عوام سے اپیل ہے کہ انڈیا الائنس کے امیدواروں کو ووٹ کریں۔
دلت مزدورکسان پارٹی کے قومی صدر ٹی آر سیسودیا نے کہا کہ ہمارے ملک میں بے روزگاری کا گراف برابر بڑھتا جا رہا ہے۔ حکومت عوام کی بنیادی ضروریات پوری کر نے سے قاصر ہے۔ ان حالات میں ہم حکومت سے سوال کرنا چاہتے ہیں کہ حکومت کے ان وعدوں کا کیاہوا جو انھوں نے گذشتہ لوک سبھا انتخابات میں کئے تھے ۔انھوںنے کہا کہ اس وقت ہندوستان کے باشندے دیگر متعدد مسائل کے ساتھ روزانہ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری سے بھی جوجھ رہے ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کا جینا محال ہورہاہے خاص کر ملک کا غریب اورمتوسط طبقہ پریشان حال ہے ۔اور مرکزی حکومت لوگوں کو راحت دینے کے بجائے مہنگائی کو عروج پر پہنچا رہی ہے ایسا لگ رہاہے حکومت کو عوام کی پریشانیوں سے کوئی سروکار ہی نہیں ہے۔ مرکزی حکومت صرف بےان بازی سے کام لے رہی ہے بے روزگاری اور مہنگائی گذشتہ سالوں کے مقابلہ بہت زیادہ ہے ۔انھوں نے کہا کہ بی جے پی سرکار انتخابات کے وقت نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے اور مہنگائی کم کرنے کا وعدہ کرتے ہیں لےکن انتخابات کے بعد ان وعدوں کو فراموش کر جاتے ہیں ۔انھوں نے ملک سے عوام سے اپیل کر تے ہوئے کہا کہ ملک کی بہتری کے لئے سبھی متحدہ طور پر انڈیا الائنس کے امیدواروں کے حق میں ووٹ کریں اور موجودہ حکومت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں۔
