نئی دہلی(ایچ ڈی نیوز)۔
سابق آسٹریلوی آل راونڈر شین واٹسن کا کہنا ہے کہ ہر کوئی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں بھارت اورپاکستان کو دیکھنا چاہے گا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شین واٹسن نے کہا کہ بدقسمتی سے میں سپر 12 میں میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں پہلا مقابلہ نہیں دیکھ سکا تھا، میں تب اس سے پہلے آسٹریلیا نیوزی لینڈ میچ کی کمنٹری کر رہا تھا۔انہوں نے کہا کہ جو بھی وہ میچ دیکھنے کے لیے گیا اس نے یہی کہا کہ یہ ایک اسپیشل میچ تھا، ٹی وی پر بھی میچ دیکھنا شاندار تھا۔ شین واٹسن کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان 2007ء میں فائنل میں مقابلہ ہوا تھا، اب ہر کوئی ایک بار پھر فائنل میں دونوں ٹیموں کو دیکھنا چاہے گا۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ کئی مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ ایک ٹیم لائن کراس کر چکی ہوتی ہے پھر ایسا راستہ ملتا ہے کہ فائنل جیت جاتی ہے۔
سابق آسٹریلوی آل راونڈر کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم سیمی فائنل میں آزاد ہو کر کھیلے گی، کوئی بھی ان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کی توقع نہیں کر رہا تھا، جب ان سے کسی کو توقع نہیں تھی تو اب وہ آزادی سے کھیلیں گے۔ واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل 9 نومبر (بدھ) کو سڈنی میں کھیلا جائے گا۔اسی طرح دوسرے سیمی فائنل میں بھارت اور انگلینڈ کی ٹیمیں ایڈیلیڈ کے میدان میں 10 نومبر (جمعرات) کو مدِ مقابل ہوں گی۔واضح رہے کہ ایڈیلیڈ میں پاکستانی ٹیم بنگلادیش کو 5 وکٹ سے ہرا کر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچی ہے۔