ملبورن ، 7 فروری ( ایچ ڈی نیوز)۔
آسٹریلوی مردوں کی ٹی20 ٹیم کے کپتان ایرون فنچ نے منگل کو بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی، جس سے ان کے 12 سالہ طویل کیریئر کا خاتمہ ہوگیا۔ فنچ نے تاہم کہا کہ وہ بگ بیش لیگ (بی بی ایل) سمیت دیگر ٹی 20 لیگز میں کھیلنا جاری رکھیں گے۔انہوں نے ملبورن کرکٹ گراو¿نڈ میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ سمجھتے ہوئے کہ میں 2024 میں ہونے والے اگلے ٹی20 ورلڈ کپ تک نہیں کھیلوں گا ، اب عہدہ چھوڑنے اور ٹیم کو اس ایونٹ کے ارد گرد منصوبہ بندی اور تعمیر کے لیے وقت دینے کا صحیح وقت ہے۔انہوں نے کہا کہ 12 سال تک آسٹریلیا کی نمائندگی کرنے اور اب تک کے چند عظیم کھلاڑیوں کے ساتھ اور ان کے خلاف کھیلنے کے قابل ہونا ایک ناقابل یقین اعزاز کی بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنے خاندان ، خاص طور پر اپنی اہلیہ ایمی ، اپنی ٹیم کے ساتھیوں ، کرکٹ وکٹوریہ ، کرکٹ آسٹریلیا اور آسٹریلین کرکٹرز ایسوسی ایشن کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا جنہوں نے مجھے اعلیٰ ترین سطح پر اپنی پسند کا کھیل کھیلنے کی اجازت دی۔ تمام مداحوں کا بہت بہت شکریہ جنہوں نے میرے پورے بین الاقوامی کیریئر میں میرا ساتھ دیا۔
فنچ کا آسٹریلیا کے لیے آخری ٹی 20 میچ گزشتہ سال ورلڈ کپ کا گروپ میچ آئرلینڈ کے خلاف ہوم گراو¿نڈ پر تھا۔ وہ انجری کے باعث افغانستان کے خلاف ٹیم کا فائنل میچ نہیں کھیل سکے تھے۔ بی بی ایل میں، انہوں نے ملبورن رینیگیڈز کے ساتھ ایک کامیاب سیزن کا لطف اٹھایااور 38.90 کی اوسط سے 428 رنز بنائے۔
36 سالہ فنچ کو 2018 میں بہترین ٹی20 بلے باز کا تاج پہنایا گیا ، اور 2021 میں دبئی میں ٹی20 ورلڈ کپ جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم کی کپتانی کی۔فنچ نے گزشتہ ستمبر میں ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی ، اس وقت وہ ون ڈے ٹیم کے کپتان بھی تھے ، جس کے بعد 29 سالہ فاسٹ بولر پیٹ کمنز کو کپتان مقرر کیا گیا تھا۔ کمنز آسٹریلیا کی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت بھی کر رہے ہیں۔وکٹوریہ میں پیدا ہونے والے فنچ نے 2011 میں انگلینڈ کے خلاف ڈیبیو کرنے کے بعد آسٹریلیا کے لیے 103 ٹی20 کھیلے ہیں اور 76 میں ٹیم کی کپتانی بھی کی ہے۔ وہ ٹی20 فارمیٹ میں آسٹریلیا کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی کے طور پر ریٹائر ہوئے۔ انہوں نے 34.28 کی اوسط اور 142.5 کے اسٹرائیک ریٹ سے 3120 رنز بنائے ہیں۔ 2018 میں زمبابوے کے خلاف ان کے کیریئر کا بہترین 172 رنز بھی فارمیٹ کا بہترین انفرادی سکور ہے۔ انہوں نے آسٹریلیا کے لیے پانچ ٹیسٹ میچ بھی کھیلے ہیں، جس میں 27.8 کی اوسط سے 278 رنز بنائے ہیں۔ ٹیسٹ میں ان کا انفرادی بہترین اسکور 162 ہے۔اس کے ساتھ ساتھ ون ڈے کرکٹ میں انہوں نے آسٹریلیا کے لیے 146 میچز کھیلے ہیں اور 38.9 کی اوسط سے 5406 رنز بنائے ہیں۔ ان کا بہترین اسکور 153 رنز ہے۔ ون ڈے کرکٹ میں انہوں نے 17 سنچریاں اور 30نصف سنچریاں اسکور کیں۔انڈین پریمیئر لیگ میں فنچ نے 92 میچ کھیلے ہیں اور 15 نصف سنچریوں کی مدد سے 2091 رنز بنائے ہیں اور 88 ناٹ آو¿ٹ کا ذاتی بہترین اسکور ہے۔ اس دوران ان کا اوسط 25.2 کارہا ہے۔