ہیلاکنڈی (آسام)،(ایچ ڈی نیوز)۔
آل انڈیا یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ (اے آئی یو ڈی ایف) کے ایم ایل اے ذاکر حسین لشکر نے اسمبلی حلقوں کی دوبارہ حدبندی کو لے کر بی جے پی اور کانگریس کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے مسلم عوام کو محروم کرنے کے لئے حد بندی کا کام شروع کیا ہے اور اس کے لئے کانگریس ذمہ دار ہے۔
اے آئی یو ڈی ایف کے ایم ایل اے لشکر نے ہیلاکنڈی گیسٹ ہاؤس میں نامہ نگاروں سے کہا کہ اگر کانگریس اقتدار میں ہوتے ہوئے یہ کام کرتی تو آج بی جے پی اسمبلی حلقوں کی دوبارہ تقسیم کا کام نہیں کر پاتی۔ اس سوال کے جواب میں کہ اسمبلی حلقہ کی حد بندی کے بعد ذاکر کس اسمبلی حلقہ سے انتخاب لڑیں گے، ایم ایل اے نے کہا کہ وہ جہاں سے اسمبلی حلقہ کے ووٹر کہیں گے وہاں سے مقابلہ کریں گے۔ ان کا گھر لالہ اسمبلی حلقہ میں شامل ہوگا، اس کے باوجود وہ اپنے موجودہ اسمبلی حلقہ سے انتخاب لڑنے کے خواہشمند ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ ریاست میں اسمبلی اور لوک سبھا حلقوں کی حد بندی کے بعد کئی لیڈروں کو اپنے حلقوں کو لے کر مسائل کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ جس کی وجہ سے ان دنوں ریاست میں سیاسی سرگرمیاں کافی تیز ہو گئی ہیں۔