دوحہ، 21 مارچ (ایچ ڈی نیوز)۔
اوپنرز اپل تھرنگا اور تلکرتنے دلشان کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت ایشیا لائنز نے ورلڈ جائنٹس کو 23 گیندوں باقی رہتے سات وکٹوں سے شکست دے کر لیجنڈز لیگ کرکٹ (ایل ایل سی) ماسٹرز کا خطاب جیت لیا۔
دوحہ کے ایشین ٹاؤن کرکٹ اسٹیڈیم میں پیر دیر رات خطابی مقابلے میں 148 کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری ایشین لائنز کو تھرنگا اور دلشان نے تیز شروعات دلائی اور 9.6 اوور میں 115 رن جوڑے۔ اس شراکت داری کو بریٹ لی نے تھرنگا کو بولڈ کر کے توڑا۔ تھرنگا نے 28 گیندوں میں پانچ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 57 رن بنائے۔ ایشیا لائنز کو آخری دس اوورز میں صرف 33 رن درکار تھے۔ دلشان کو سمت پٹیل نے آؤٹ کر دیا جب فتح کے لیے 41 گیندوں پر صرف 16 رن درکار تھے۔ دلشان نے 42 گیندوں میں آٹھ چوکوں کی مدد سے 58 رن بنائے۔ محمد حفیظ اور مصباح الحق نے ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے نو، نو رن بنا کر اپنی ٹیم کو جیت دلائی۔
اس سے قبل اس میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے ورلڈ جائنٹس نے 20 اووروں میں 4 وکٹوں پر 147 رن بنائے۔ جائنٹس کی جانب سے جیک کیلس نے ناٹ آؤٹ 78 رن بنائے۔ انہوں نے 54 گیندوں کا سامنا کیا اور پانچ چوکے اور تین چھکے لگائے۔ کیلس نے چوتھی وکٹ کے لیے راس ٹیلر کے ساتھ 11.1 اوور میں 92 رنوں کی شراکت بھی کی۔ ٹیلر نے 33 گیندوں میں تین چوکوں کی مدد سے 32 رن بنائے۔ ان دونوں کے علاوہ لینڈل سمنز نے 17 رن بنائے۔ ایشیا لائنز کی جانب سے اسپنر عبدالرزاق نے دو اور تیسارا پریرا نے ایک وکٹ حاصل کی۔
تھرنگا، جنہوں نے ایشیا لائنز کو فائنل تک پہنچانے کے لیے ہندوستانی مہاراجہ کے خلاف بھی 50 رن بنائے، انہیں پلیئر آف دی سیریز منتخب کیا گیا۔ اور عبدالرزاق کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔