نئی دہلی، 15 جون (ایچ ڈی نیوز)۔
اسی سال اگست ستمبر میں ہونے والے ایشیا کپ کی تاریخوں کا اعلان کردیا گیا ہے۔ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے جمعرات (15جون) کو یہ جانکاری دی ہے۔ اس کے تحت میزبان پاکستان کو بڑا دھچکا لگا ہے۔ دراصل اس مرتبہ ایشیا کپ ہائی بریڈ ماڈل کے تحت کھیلا جائے گا۔اس کے تحت ٹورنامنٹ کا آغاز پاکستان میں چار میچوں سے ہوگا جس کے بعد آخری نو میچ سری لنکا میں ہوں گے۔ اس سال یہ ٹورنامنٹ ون ڈے فارمیٹ میں کھیلا جائے گا۔ ہندوستانی ٹیم اپنے تمام میچ سری لنکا میں کھیلے گی۔
ایشیا کپ 2023 میں بھارت، پاکستان، سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان اور نیپال کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔ نیپال نے اس سال براعظمی ٹورنامنٹ کے لیے کوالیفائی کیا ہے اور وہ پہلی بار اس ٹورنامنٹ میں کھیلے گا۔بین الاقوامی کرکٹ کونسل(آئی سی سی) کے سی ای او جیوف ایلاریڈس اور چیئرمین گریگ بارکلے جب پی سی بی صدر نجم سیٹھی سے ملنے کراچی گئے تو فیصلہ کیا گیا تھا کہ پاکستان عالمی کپ میں جانے کے لئے کوئی شرط نہیں رکھے گا۔ ایشیا کپ کے لئے یہ ’ہائبریڈماڈل‘ سب سے بہتر نظرآتا ہے کیونکہ اس کی وجہ سے پاکستان کے بغیر کسی شرط کے یک روزہ عالمی کپ کے لئے بھارت جانے کا راستہ صاف ہوگیا ہے۔ یک روزہ عالمیکپ کا پروگرام اگلے ہفتے کی شروعات میں جاری کئے جانے کی امید ہے۔
سری لنکا اس ٹورنامنٹ کا دفاعی چمپئن ہے۔ سری لنکن ٹیم نے 2022 میں متحدہ عرب امارات میں ہونے والے فائنل میچ میں پاکستان کو شکست دی تھی۔لیگ مرحلے میں پاکستان اور نیپال کے ساتھ گروپ اے میں بھارت جبکہ دوسرے گروپ میں سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان ہیں۔ دونوں گروپوں سے دو ٹیمیں سپر فور راونڈ رابن مرحلے میں داخل ہوں گی۔ اس کے بعد راونڈ کی دونوں ٹیمیں فائنل میں پہنچ جائیں گی۔