9.1 C
Delhi
December 10, 2024
Hamari Duniya
مضامین

مملکت سعودی عرب کی شاندار روایت

Saudi Arabia
پرویز یعقوب مدنیParvez Madani
استاذ جامعہ سراج العلوم السلفیہ
 جھنڈانگر نیپال 

صاحب عقل و خرد کے لئے یہ بات روز روشن کی طرح عیاں، واضح اور ظاہر و باہر ہے کہ قیام سعودی عرب کے اولین ایام سے اب تک مملكت کے معزز حکام نے کتاب و سنت کی روشنی میں ملک و ملت کی عظیم خدمات سے پوری دنیا کے انسانوں کےدلوں کو موہ لیا ہے۔ کتاب و سنت کی تعلیم کو عام کرنا، سسکتی اور کراہتی انسانیت کے درد کا مداوا،علاج و معالجہ، پوری دنیا کے مسلمانوں کے حالات سے آگاہی، بلا تفریق مسلک و مشرب ملک و ملت کے جیالوں کی امداد و تعاون، علم و علماء اور تعلیم و تدریس نیزمیدان سیاست کے کلیدی اور نمایاں ذمہ داروں کی حسین خدمات، قرآن و سنت سمیت ان کی شروحات کی طباعت و اشاعت سے لے کر توحید کی آبیاری، حرمین شریفین کی دیکھ ریکھ اور اس کی تعمیر و توسیع، مشاعر مقدسہ کی اصلاح، مساجد و مدارس کی تعمیر و اصلاح، دنیا کے اطراف و جوانب سے شائقین علم و فن کو شاہی خرچ پر اعلی تعلیم کے حصول کی فراہمی، یتیموں اور بیواؤں کی خبر گیری وغیرہ حکمران سعودی عرب کا نمایاں وصف اور شان رہی ہے۔ عالمي اور ملکی مسائل اور سياست وسيادت میں بھی انتہائی بصیرت و حکمت کے ساتھ کتاب و سنت کی روشنی میں اپنا کردار پیش کیا ہے جس کا انکار کور چشم ہی کرسکتا ہے۔ سعودی عرب اور وہاں کے باوقار حکام کا دینی مزاج دنیا طلبی اور ذاتی مفادات سے پرے ہوکر امن وامان کے فروغ اور احترام انسانیت، وحدت و یگانگت، بقاء باہم، جذبہ ایثار وہمدردی، کتاب وسنت کی روشنی میں خالص اسلامی نظام کے قیام اور رضاء الٰہی کے لئے رہا ہے۔ سعودی کے بے لوث اور خداترس حکمراں ہمیشہ سے اپنے باشندگان سمیت پوری دنیا کے مسلمانوں اور انسانوں کو خوشحال اور خوش بخت دیکھنا چاہتے ہیں اور اس کے لئے جی توڑ محنت و مشقت بھی کرتے رہے ہیں۔
شاہان سعودی عرب کی ہمیشہ سے یہ روایت رہی ہے کہ وہ شاہی خرچ پر پوری دنیا سے منتخب اور چیدہ و چنیدہ نمائندوں، معزز علماء و مفتیان، مدارس و مراکز اور جامعات کے کلیدی ذمہ داران، میدان تدریس و دعوت کے عظیم شہسواروں، سیاست و سیاست میں اعلی شناخت رکھنے والے باشعور اور بابصیرت شخصیات کو حج و عمرہ کی بیش بہا سہولیات فراہم کرتے ہیں اور ان کی ضیافت و تکریم و اعزاز کا بار خود اٹھاتے ہیں تاکہ لوگ سعودی عرب کے اسلام اور دنیا کے تمام مسلمانوں اور انسانوں کی انکی خدمات کا قریب سے نظارہ کرسکیں اور حج و عمرہ کی سعادت سے بہرہ ور اور ڈھیر سارے ثواب پانے کے حقدار بن سکیں۔ اسی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے بفضل اللہ امسال بھی 3/ جنوری 2024ء کو خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے پوری دنیا سے ایک ہزار کی تعداد میں معتمرین کی ضیافت کا اعلان فرمایا شاہی فرمان سے پوری دنیا میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، اور مسلمان عالم کی نگاہیں ایک بار پھر سعودی عرب کے دین پسند بادشاہ کی جانب پھر گئیں۔ اور سبھوں نے اس شاہی فرمان کو قدر کی نگاہوں سے دیکھا اور خوب تحسین فرمائی۔ قلبی مسرت و شادمانی کا احساس دلایا۔ اور دعائیں دیں۔اور اپنے تاثرات کو ریکارڈ کروایا۔
شاہی فرمان کے مطابق پوری دنیا سے منتخب ایک ہزار خوش نصیب اور سعادت مند حضرات کی مکمل میزبانی اور تکریم سعودی عرب کے دینی اور رفاہی شعبہ اسلامی اسلامی امور و اوقاف کی ہوگی۔ اور انہیں کی نگرانی میں معتمرین اس مہتم بالشان فریضہ سے عہدہ برآ ہوں گے۔ مذکورہ شاہی فرمان کے اعلان کے بعد شعبہ اسلامی امور کے چیف اور ڈائریکٹر محترم وزیر ڈاکٹر عبدالعزیز بن عبد اللطیف آل الشیخ حفظہ اللہ نے حاکم مملکت خادم الحرمین الشریفین سلمان بن عبد العزیز آل سعود اور ان کے حقیقی اور دین پسند خلف الصدق ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان حفظھما اللہ اور شاہی خانوادے کی اس پیش کش کی قدر و تحسین کرتے ہوئے دعائیں دیں۔ تائیدی کلمات سے ان کو تقویت پہونچائی، اور ہر طرح سے پرعزم ہوکر شعبہ اسلامی امور کے دیگر اداروں کو بحسن و خوبی معتمرین کی عمدہ ضیافت اور تمام ممکنہ سہولیات کو فراہم کرنے کی زمہ داریاں سونپ دیں۔
اسی طرح حرمین شریفین کے صدر برائے دینی امور عالی جناب ڈاکٹر عبدالرحمن سدیس حفظہ اللہ نے بھی اس شاہی فرمان کی تحسین فرمائی اور دلی دعاؤں سے نوازا۔
اس پر مسرت موقعہ پر ملک نیپال کے مسلمانوں میں جوش و ولولہ دیکھا جارہا ہے سعودی عرب کی خدمات کی تحسین ہورہی ہے اور ہر سطح پر ملک کے مخلص اور غیور صاحب بصیرت و بصارت علماء و معزز دعاة، مدارس کے ذمہ داران اور مفتیان، مساجد کے ٹرسٹیان، سیاسی قائدین اپنی دینی اور ملی بیداری کا ثبوت دے رہے ہیں۔ اس مسرت آمیز خبر پر ہم اپنی اپنے اہل خانہ دوست و احباب، اقرباء اور رشتہ داروں کی جانب سے شاہ سلمان بن عبد العزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان حفظھما اللہ کی جناب میں ہدیہ تبریک اور تہنیت پیش کرتے ہیں۔ باری تعالیٰ کی بارگاہ میں دست بدعا ہیں کہ اللہ تعالیٰ مملکت سعودی کے دین پسند حکمرانوں کی تمام تر اسلامی دینی دعوتی رفاہی خدمات کو قبول فرما۔ اور آئندہ بھی اس طرح پوری دنیا کے مسلمانوں کے تئیں بیدار رہنے کی توفیق دے۔ اور کتاب و سنت پر مبنی حکومت کی حفاظت فرما۔ آمین

Related posts

 کتاب ’ہندوستان میں سلطنت مغلیہ کا دور‘ پر ایک نظر 

Hamari Duniya

پی ایف آئی پر پابندی کے وجوہات

Hamari Duniya

روزے کی فضیلت اور مشروعیت کی حکمت

Hamari Duniya