مجاہد عالم ندوی
قرآن کریم عالم انسانیت پر نازل ہونے والی اللّٰہ تعالٰی کی نعمتوں میں سے ایک عظیم نعمت ہے ، یہ وہ نسخہ کیمیا ہے جس کے ذریعہ انسان نہ صرف اپنے خالق حقیقی کی معرفت حاصل کر سکتا ہے بلکہ اپنے وجود کے حقیقی مقاصد کو پہچان سکتا ہے ، وہ یہ جان سکتا ہے کہ اس کے لیے کامیابی اور نجات کی راہ کون سی ہے اور کس طرز حیات کو اختیار کرنے میں اس کی دنیوی اور اخروی ذلت و رسوائی اور ناکامیابی ہے ، قرآن کریم نے راہ ہدایت اور راہِ ضلالت اور حق و باطل کے فرق کو کھول کھول کر بیان کر دیا ہے۔
ارشاد باری تعالیٰ ہے۔ ” لوگو! تمہارے پاس تمہارے رب کی طرف سے نصیحت اور دلوں کی بیماریوں کی شفا اور مومنوں کے لیے ہدایت اور رحمت آ پہنچی ہے ،،۔ یعنی یہ کتاب تمام عالم انسانیت کے لیے ان کے رب کی طرف سے نصیحت و ہدایت ہے لیکن جو لوگ اللّٰہ تعالٰی کی اس نصیحت کو قبول کر لیتے ہیں ، اس پر ایمان لاتے ہیں اور اس کی ہدایتوں پر عمل کرتے ہیں ، یہ ان کی روحانی امراض ، کفر و شرک ، حب دنیا ، حب جاہ ، حب مال ، تکبر ، بغض و عداوت ، حسد ، کینہ ، بخل اور خود پسندی وغیرہ جو انسان کے دل کو تباہ و برباد کر دیتے ہیں لوگوں کے لیے شفا اور رحمت ثابت ہوتی ہے۔
ظاہر ہے کہ قرآن کریم کے یہ فوائد انسان کو تب ہی حاصل ہو سکتے ہیں جب وہ اس کی تلاوت کرے ، اس کی آیتوں میں غور و فکر کرے ، اس کے احکامات ، امر و نواہی اور نصیحت و عبرت آمیز باتوں کو سمجھے اور اس پر عمل کرے ، اس لیے اللّٰہ رب العالمین نے اپنے رسول کو اور ایمان والوں کو اس کی تلاوت کا حکم فرمایا اور اس کے آداب بھی سکھائے۔قرآن کریم کی آیتوں میں غور و فکر کرنا ہر مسلمان پر واجب ہے ، عصری تعلیم سے وابستہ افراد بلکہ ہر پڑھے لکھے مسلمان کو چاہیے کہ وہ اللّٰہ تعالٰی کی کتاب سے اپنا رشتہ مضبوط کریں ، ا±ردو ، ہندی ، انگلش ہر زبان میں قرآن کریم کے مستند تراجم و تفاسیر موجود ہیں اس لیے کسی کے لیے کوئی عذر نہیں ہے ، اگر دو صفحہ بھی روزانہ اس طرح تلاوت کی جائے تو اس کے حیرت انگیز نتائج سامنے آئیں گے ، یہ قطعی نہ سوچیں کہ ہمیں سمجھ میں نہیں آئے گا ، جبکہ آپ فزکس ، کیمسٹری ، بایو لوجی ، کمپیوٹر ، سائنس ، اکانومکس وغیرہ جیسے پیچیدہ دنیوی علوم کو سمجھ سکتے ہیں تو پھر قرآن کریم کیوں نہیں سمجھ سکتے ، جس کا تعلق آپ کی زندگی سے ہے؟ بس قدم بڑھانے کی ضرورت ہے ، کبھی اس پر بھی غور و فکر کریں کہ اپنے جیسے انسانوں کی لکھی ہوئی کتابیں جن میں بہت سے فاسق و فاجر بھی ہوتے ہیں محض چند دنوں کے دنیوی فوائد حاصل کرنے کے لیے آپ دن رات پڑھتے ہیں لیکن اگر نہیں پڑھتے تو اللّٰہ تعالٰی کی کتاب جس سے دنیا و آخرت دونوں کی کامیابی وابستہ ہے۔
اس بات میں کوئی شک نہیں کہ اللّٰہ تعالٰی قرآن کریم کے ذریعے کئی قوموں کو عروج عطا فرما دیتے ہیں اور کچھ اس کے مخالف لوگوں کو ذلیل کر دیتے ہیں ، قرآن کریم کی آیتوں کو نہ سمجھنا مسلمانوں کی پوری دنیا میں ذلت و رسوائی کی سب سے بڑی وجہ ہے۔ لہٰذا! دنیا و آخرت میں عروج اور کامیابی کے لیے قرآن کریم سمجھنا بہت ہی ضروری ہے ، چونکہ ثواب کے لیے قرآن کریم تو اکثر لوگ پڑھتے ہیں ، سمجھ کر اسی صورت میں پڑھتے ہیں جب حق کی کھوج ہو ، اور یہ جستجو تبھی ہوتی ہے جب ذہن میں سوالات جنم لیں ، انسان اپنی اور کائنات کی سچائی جاننے کا خواہاں ہو ، کسی ایسے معاشرتی نظام کا متلاشی ہو جہاں انسان دوسرے انسان کے ساتھ اپنے اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے ایک پر امن اور با مقصد زندگی گزار سکے۔قرآن کریم کو سمجھ کر پڑھنا نوع انسانی کے لیے اسی صورت میں سود مند ثابت ہوگا جب اس کی تعلیمات کو عملی زندگی میں بھی اپنایا جائے۔
اللّٰہ رب العزت ہم سب کو عمل کی توفیق عنایت فرمائے۔ آمین!
استاد : ٹائمس انٹرنیشنل اسکول محمد پور شاہ گنج ، پٹنہ
رابطہ نمبر : 8429816993