نئی دہلی (ایچ ڈی نیوز)۔
ایم سی ڈی الیکشن میں تمام پارٹیاں پوری طاقت جھونک رہی ہیں۔ اور تمام پارٹیوں کو سب سے زیادہ خطرہ اپنوں کی بغاوت سے ہے۔اس لئے ہر پارٹی اپنے ناراض رہنماؤں کو منانے کے لئے ہرممکن کوشش کررہی ہیں۔ اس وقت ایم سی ڈی الیکشن دلچسپ موڑ پر پہنچ چکا ہے، ہر سیٹ پر روز حساب کتاب بن اور بگڑ رہے ہیں۔ اس وقت سب سے ہاٹ سیٹوں میں سے ایک ابوالفضل 188 نمبر سیٹ پر لڑائی بھی دلچسپ ہوگئی ہے۔جہاں عام آدمی پارٹی کے امیدوار واجد خان ناراض باتائے جارہے ایم ایل اے امانت اللہ خان کو منانے میں کامیاب ہوگئے وہیں آصف خان اپنی بیٹی اریبا آصف خان کو لے کر پرویز ہاشمی سے ملنے ان کے گھر پہنچ گئے اور بیٹے کو ٹکٹ نہ ملنے سے مایوس پرویز ہاشمی نےاریبا آصف کو اپنی حمایت دینے کا اعلان کردیا۔
سابق ممبراسمبلی اوکھلا اور سابق رکن پارلیمنٹ پرویز ہاشمی نے اوکھلا کے عوام سے اپیل کی کہ ہر وارڈ پر وہ کانگریس کو کامیاب بنائیں خاص کر ابوالفضل وارڈ پر اریبا کو واضح اکثریت سے کامیاب بنائیں۔ انہوں نے کارکنوں سے کہا کہ ہر طرح کے عداوت کوبھول کر سب اریبا کے ساتھ ایک ہوکر جتائیں۔ انہوں نے عام آدمی پارٹی کے دعوے کہ دہلی میں ہماری لہر چل رہی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ دل بہلانے کیلئے وہ اس طرح کے دعوے کررہے ہیں۔ وہ تو ہر کوئی کہہ رہا ہے کہ ہماری لہر چل رہی ہے اگر یہ نہیں کہیں گے تو ووٹ کون دے گا۔ انہوں نے کہا کہ مائنارٹی پوری دہلی میں کانگریس کو ووٹ دینا کا من بناچکی ہے۔ اس کے علاوہ شیڈول کاسٹ بھی کانگریس کے ساتھ ہیں اور دوسری کمیونٹی بھی کانگریس سے تیزی سے جڑرہی ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کانگریس کی ایم سی سی ڈی الیکشن میں زبردست حمایت مل رہی ہے اور کانگریس اچھی خاصی سیٹیں جیتنے والی ہے۔ اس موقع پر اریبا اور آصف محمد خان نے بھی ابوالفضل سیٹ پر لوگوں سے کانگریس کو جتانے کی اپیل کی۔