سدھارتھ نگر، 12 مارچ(ایچ ڈی نیوز)۔
مولانا اطہر حنیف سلفی ناظم مکتب انوارالعلوم السلفیہ (اونرہوا، ڈھبروا، سدھارتھ نگر) نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ اللہ کے فضل و کرم اور مخلص احباب ورفقاء کے تعاون سے 11 مارچ بروزہفتہ شیخ وصی اللہ عبدالحکیم مدنی، ناظم ضلعی جمعیت اہل حدیث سدھارتھ نگر، کی صدارت اور شیخ عبد الرشید سلفی پرنسپل المعہد الاسلامی بحر العلوم انتری بازار کی نظامت میں ایک شاندار جلسہ کا انعقاد کیا گیا-
جلسہ کا آغاز صحیفہ انقلاب قرآن مجید کی مقدس آیات سے ہوا-تلاوت کلام ربانی کی سعادت مولانا عبدالودود سلفی نے حاصل کی،
حمدباری خوش گلو شاعر مولانا اخترنثارریاضی اور نعت نبی مولانا امیراللہ یوسفی گنگنائے، اس کےبعد ناظم مدرسہ محترم مولانا اطہر حنیف سلفی/ نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہااور شاندار خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ اس کے بعدبالترتیب خطباءنے مختلف موضوعات پر سیر حاصل گفتگو کی۔ مولاناخالد رشید سراجی، استاد جامعہ سراج العلوم جھنڈا نگر نیپال، نے توحید،مولانا جمشید عالم عبدالسلام سلفی، ناظم جمعیت اہل حدیث حلقہ شہرت گڑھ، مرنے کے بعد جاری رہنے والے اعمال،نائب ناظم ضلعی جمعیت اہل حدیث سدھارتھ نگر مولانا سعود اختر عبدالمنان سلفی، تربیت اولاد، مولانا وصی اللہ عبدالحکیم مدنی، شوہر بیوی کے مشترکہ حقوق، مولانا نسیم رحمانی، گناہوں کے اسباب، مولاناعتیق الرحمن ریاضی/ استاذ کلیہ سمیہ للبنات، بلکڈیہوا نیپال، نمازکی اہمیت افادیت پر قرآن و سنت کی روشنی میں پر مغز، پر اثر اور دلوں کو جھنجھوڑنے والا خطاب کیا۔
وقفہ وقفہ سے مولانا اخترنثار ریاضی نے اپنی خوبصورت اور پر ترنم آواز سے سامعین کی فرحت و انبساط کو باقی رکھتے ہوئے ان کے دلوں پر اپنی آواز کا سحر طاری کیا، پروگرام میں قرب وجوار کے رفقاء و وابستگان کے علاوہ سیاسی، سماجی اور مذہبی تنظیمات کے قائدین و کارکنان، خواتین حضرات اور بچوں نے شرکت کی۔ پروگرام کی سب سے بڑی خوبی یہ رہی کہ تمام خطباء اسٹیج پر آخر تک جلوہ افروز رہے، اور سامعین حضرات اپنی اپنی کرسیوں پر بھی جمے رہے- اس پروگرام کے انتظام و انصرام میں مولانا امیرالدین، حاجی عبدالرزاق،عتیق الرحمن،مجیب الرحمن،تواب علی اور تمام اراکین مدرسہ نے اہم کردار ادا کیا۔۔ اللہ تعالی اس پروگرام کو نفع بخش اور لوگوں کی اصلاح کا ذریعہ بنائے اور تمام شرکاء کو جزائے خیر عطا فرمائے۔