دارالعلوم عثمانیہ درگاگنج کاکوری میں سالانہ جلسہ تقسیم انعامات کا انعقاد
لکھنؤ، 29 جنوری:اخلاص کے ساتھ معمولی سے معمولی عبادت کی قدر بڑھ جاتی ہے جب کہ اخلاص کے بغیر بڑے بڑے اعمال بے وزن ثابت ہوتے ہیں اس لئے ضروری ہے کہ ہم میں سے ہر ایک خواہ وہ استاذ ہو یا طالب علم اپنے اندر اخلاص پیدا کرے اور دین کی خدمت ہی کو اپنا نصب العین بنائے اور اللہ تعالیٰ سے تعلق کو بہتر بنانے پر توجہ دے، اس کے لئے خوب دعاؤوں کا اہتمام ہو اس لئے کہ دعا سے اللہ کی محبت پیدا ہوتی ہے اور دعا کرنے والا بھی اللہ کا محبوب بن جاتا ہے مذکورہ خیالات کا اظہار مولانا یحییٰ نعمانی ندوی ناظم المعہد العالی للدراسات الاسلامیہ و دار العلوم الصفہ لکھنؤ نے دارالعلوم عثمانیہ درگاگنج کاکوری کے علی میاں ہال میں جمعیۃ الاصلاح کے سالانہ جلسہ تقسیم انعامات پر منعقد تقریب سے بطور صدر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مولانا نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے مزید فرمایا کہ آپ میں بہتر سے بہتر بننے کی بھرپور صلاحیت ہے بس ضرورت اس بات کی ہے کہ آپ اپنے اندر سنجیدگی پیدا کریں اور وقت کی قدر کریں،اپنے آپ کو حقیر نہ سمجھیں آپ کو اللہ نے ایسی بے شمار خوبیوں اور صلاحیتوں سے نوازا ہے جو کالج اور یونیورسٹی کے طلبہ میں نہیں پائی جاتیں۔
مولانا راشد وحید قاسمی نے کہا کہ تعلیم ترقی کا ایک اہم زینہ ہے اسکے بغیر ترقی ناممکن ہے کیونکہ کسی بھی ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کا راز تعلیم کے عام ہونے میں مضمر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ انعام حصول علم کے لئے آپ کی بے لوث محنتوں کا ثمرہ ہے مگر آپ کے لئے سب سے زیادہ بیش قیمت اور حقیقی انعام وہ فیض علم ہے جو آپ نے اس ادارے سے حاصل کیا۔
واضح رہے کہ النادی العربی کے طبقہ علیا میں محمد ارشد،روح الاسلام،محمد افروز اور طبقہ سفلی میں محمد منور،صفی الرحمٰن،روح اللہ نے بالترتیب اول،دوم،سوم پوزیشن حاصل کی تھی اسی طرح بزم خطابت کے طبقہ علیا میں محمد شائق،محمد افروز،محمد غالب اور طبقہ سفلی میں محمد مبشر،محمد توفیق،یاسر قیوم کو بالترتیب اول،دوم،سوم پوزیشن حاصل کی تھی ان سبھی طلباء کو علماء کرام کے بدست انعامات سے نوازا گیا بعد ازاں مولانا یحییٰ نعمانی ندوی کو انکی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں مہتمم مدرسہ مولانا صلاح الدین ندوی نے سپاس نامہ پیش کیا بعدہ تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔ قبل ازیں جلسہ کا آغاز قاری محمد مدثر دریابادی کی تلاوت و محمد شائق کی نعت پاک سے ہوا جبکہ نظامت مولانا ایاز عالم ندوی نے کی۔ اس موقع پر مولانا سید عزیر حسینی مظاہری،مولانا سید ابراہیم حسینی ندوی،محمد ارشد و دیگر معززین شہر سمیت مدرسہ کے تمام اساتذہ و طلباء موجود رہے۔تقریب کا اختتام مولانا یحییٰ نعمانی دامت برکاتہم کی دعا پر ہوا۔
