جوائنٹ ایکشن کمیٹی، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی نے کورٹ کے بنائے گئے پینل کا خیرمقدم کیا
علی گڑھ، 08،نومبر : جوائنٹ ایکشن کمیٹی علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے کنوینر اوراے ایم یو اسٹوڈنٹ یونین کے سابق صدر ڈاکٹراعظم بیگ، سکریٹری عبید صدیقی اور کوآرڈینیٹر ابرار احمد چیکو کی طرف سے جاری پریس ریلیز میں یونیورسٹی کے مستقل وائس چانسلر کے لیے جن تینوں ناموں کو یونیورسٹی کورٹ کی جانب سے فائنل کیا گیا ہے اسکا خیر مقدم کیا ہے۔ آج جن تین ناموں پر اتفاق ہوا ہے اُن میں اے ایم یو کے سبکدوش ہونے والے پروفیسر ڈاکٹر عروج ربانی، ملک کے سینئر ماہر تعلیم اور ماہر قانون جناب فیضان مصطفیٰ اور عارضی وائس چانسلر جناب محمد مصطفیٰ۔ گلریز انصاری کی۔اہلیہ عبداللہ گرلز کالج کی پرنسپل مسز نعیمہ گلریز شامل ہیں۔
ایگزیکٹو کونسل کی جانب سے یونیورسٹی کورٹ کو بھیجے گئے پانچ ناموں کے پینل میں سے جناب قیوم حسن اور پروفیسر فرقان قمر کے ناموں پر کوئی اتفاق رائے نہیں ہو سکا۔ڈاکٹر اعظم بیگ کے مطابق اب ان تینوں ناموں کو وزیٹر کی حیثیت سے میڈم صدر جمہوریہ ہند کو بھیجنا ہوگا، اس کے بعد کسی ایک نام کو مرکزی حکومت وائس چانسلر کے طور پر منظور کر سکتی ہے۔ اور جلد ہی علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کو مستقل وائس چانسلر مل جائے گا۔
ڈاکٹر اعظم بیگ اور ابرار احمد چیکو گزشتہ دو دنوں سے مسلسل اے ایم یو میں رہ کر تمام حالات پر نظر رکھے ہوئے تھے۔جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے تینوں عہدیداروں نے ایگزیکٹو کونسل کے تمام معزز ممبران، یونیورسٹی کورٹ، اور اے ایم یو اولڈ بوائز سمیت یونیورسٹی کے تمام اسٹیک ہولڈرز کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ قواعد کے مطابق، یونیورسٹی ایکٹ کے تحت جو بھی مستقل وائس چانسلر تعینات کیا جائے وہ طلباء اور یونیورسٹی کے مفاد میں کام کرے گا اور یونیورسٹی کو نئی سمت دے گا۔ نئے وائس چانسلر یونیورسٹی کو مزید بلندیوں تک لے جانے میں سب کا تعاون لے کر ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کر سکیں گے۔