چنڈی گڑھ، 23 اپریل(ایچ ڈی نیوز)۔
پنجاب پولیس نے کاونٹر انٹیلی جنس کے ساتھ مل کر ایک مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے خالصتانی امرت پال کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے امرت پال کی گرفتاری کا باضابطہ اعلان نہیں کیا ہے۔ امرت پال گزشتہ 36 دنوں سے پولیس کو چکمہ دے رہا تھا۔
دوسری جانب پنجاب پولیس نے موگا کے گاو¿ں روڈے سے آج (اتوار) صبح گرفتار کئے گئے امرتپال کو آسام کی ڈبرو گڑھ جیل بھیج دیا۔ امرت پال کو روڈے سے پہلے موگا لایا گیا۔ آئی جی انٹیلی جنس سمیت اعلیٰ پولیس افسران رات سے ہی موگا میں موجود تھے۔پولیس نے امرت پال سے پوچھے جانے والے سوالات کی تفصیلات تیار کر رکھی تھیں۔ حالانکہ امرت پال نے زیادہ تر سوالوں کا جواب نہیں دیا۔ اس کے بعد کاغذی کارروائی مکمل کرنے کے بعد پولیس بذریعہ سڑک امرت پال کو لیکر بھٹنڈہ پہنچی۔ یہاں سے اسے ڈبروگڑھ بھیج دیا گیا۔
پنجاب پولیس نے پنجاب میں خالصتانی سرگرمیاں چلانے کے الزام میں 18 مارچ کو آپریشن شروع کیا تھا۔ امرت پال جب دبئی سے پنجاب آیا تو روڈے گاؤں میں ہی اس کی دستار بندی کی گئی تھی۔ روڈے گاو¿ں جرنیل سنگھ بھنڈراوالا کا آبائی گاؤں ہے۔ یہیں امرت پال نے خود کو بھنڈراوالا 2 قرار دیا تھا۔18 مارچ کو پنجاب پولیس کو چکمہ دے کر فرار ہونے کے بعد امرت پال کی لوکیشن ہریانہ، اتراکھنڈ، دہلی سمیت کئی مقامات پر ملی۔ پولیس اب تک امرت پال کے 9 قریبی دوستوں کو این ایس اے کے تحت گرفتار کر کے آسام کی ڈبرو گڑھ جیل بھیج چکی ہے۔پولیس پچھلے کئی دنوں سے امرت پال کا پیچھا کر رہی تھی۔ پولیس کی حکمت عملی لیک ہونے کی وجہ سے پولیس تین بار امرت پال کو نہیں پکڑ سکی۔
اب اتوار کی صبح تقریباً 6.30 بجے پولیس نے امرت پال کو روڈے گاؤں سے پکڑ لیا۔ امرت پال کے خلاف پنجاب میں این ایس اے سمیت مختلف دفعات کے تحت کیس درج ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے کہا ہے کہ قانون اپنا کام کر رہا ہے۔ کچھ وقت میں سب کچھ واضح ہو جائے گا۔
گرفتاری نہیں سرینڈر کیا: روڈے
امرت پال کے بارے میں بھنڈراوالا کے بھتیجے جسبیر سنگھ روڈے نے دعویٰ کیا ہے کہ امرت پال کو گرفتار نہیں کیا گیا، اس نے سرینڈر کیا ہے۔ وہ رات سے روڈے گاؤں کے گرودوارہ میں تھا۔ آج صبح پاٹھ کے بعد ارداس کی گئی اور امرت پال نے سنگت کو خطاب کیا۔ اس کے بعد امرت پال نے خود کو پولیس کے حوالے کر دیا۔جسبیر سنگھ روڈے نے دعویٰ کیا کہ پولیس کو رات ہی اس کی اطلاع دی گئی تھی۔
امرت پال کی گرفتاری کے بعد پنجاب پولیس نے الرٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ ریاست کے تمام سرحدی اضلاع میں بلاکس قائم کیے گئے ہیں۔ پنجاب میں تمام مذہبی مقامات کے باہر پولیس تعینات کر دی گئی ہے۔ مشکوک مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس گورو یادو نے پنجاب کے لوگوں سے امن برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس نے کئی دنوں کی مہم کے بعد امرت پال کو گرفتار کیا ہے۔ پنجاب کے عوام امن قائم رکھیں۔ پولیس امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔