بالی ووڈ کے مہانائک امیتابھ بچن کی شاندار اداکاری کا ہر کوئی مداح ہے۔ اپنی مضبوط آواز اور شاندار اداکاری سے لاکھوں ناظرین کے دل جیتنے والے امیتابھ بچن 11 اکتوبر 1942 کو اتر پردیش کے شہر الہ آباد میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد ہری ونش رائے بچن ایک مشہور شاعر تھے۔ ان کی والدہ کا نام تیجی بچن تھا ، جو ایک سماجی کارکن تھیں۔
امیتابھ بچن نے اپنی اسکول کی تعلیم شیروڈ کالج ، نینی تال سے حاصل کی۔ اس کے بعد انہوں نے گریجویشن کیروڑی مل کالج دہلی سے کیا۔ امیتابھ بچن نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز فلم ’سات ہندوستانی‘ سے کیا۔ یہ فلم 7 نومبر 1969 کو ریلیز ہوئی تھی۔ اس کے بعد امیتابھ بچن کئی فلموں میں نظر آئے۔ 1973 کی فلم زنجیر امیتابھ بچن کی زندگی کا اہم موڑ ثابت ہوئی۔ ’ زنجیر‘ باکس آفس پر سپر ہٹ ثابت ہوئی۔ اس فلم میں ان کے ساتھ اداکارہ جیا بچن مرکزی کردار میں تھیں۔ امیتابھ اور جیا اس فلم کی کامیابی کا جشن منانے بیرون ملک جانا چاہتے تھے لیکن جب ہری ونش رائے بچن کو اس بات کا علم ہوا تو انہوں نے امیتابھ سے صاف کہہ دیا کہ اگر آپ جیا کو بیرون ملک لے جانا چاہتے ہیں تو اس سے پہلے آپ کو شادی کرنی ہوگی۔ جس کے بعد دونوں نے دونوں خاندانوں کی موجودگی میں شادی کر لی۔ کئی سالوں کے بعد بھی آج امیتابھ اور جیا خوشگوار زندگی گزار رہے ہیں اور دونوں کو بالی ووڈ کا سب سے آئیڈیل جوڑا مانا جاتا ہے۔ امیتابھ اور جیا کے دو بچے ہیں، اداکار ابھیشیک بچن اور بیٹی شویتا نندا۔
امیتابھ بچن کی فلموں کی بات کریں تو وہ تقریباً پانچ دہائیوں سے ہندی سنیما میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔امیتابھ بچن نے اپنے فلمی کریئر میں ہر بڑے فنکار کے ساتھ کام کیا ہے۔ ان کی چند اہم فلموں میں آنند ، زنجیر ، ابھیمان ، سوداگر ، چپکے چپکے ، روٹی کپڑا اور مکان ، دیوار ، شعلے ، کبھی کبھی ، کلی ، امر اکبر انتھونی ، ڈان ، مقدر کا سکندر ، لاوارث ،سلسلہ، کالیا، ستے پہ ستا،نمک حلال، شکتی، شرابی، مرد، شہنشاہ، اگنی پتھ ، خدا گواہ، محبتیں، باغبان، پنک، پیکووغیرہ شامل ہیں۔
اداکاری کے علاوہ بگ بی کو گلوکاری کا بھی بہت شوق ہے اور انہوں نے کئی فلمی گانوں کو بھی اپنی آواز دی ہے۔ ان کے گائے ہوئے کچھ فلمی گانوں میں چوری سے چوری سے (سوریہ ونشم) ، آو مل کے گائیں (ارمان) ، او رے سانوریا (علا دین) ، حال دل (بوڈھا ہوگا تیرا باپ) ، ایکلا چلو رے (کہانی) وغیرہ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ امیتابھ نے کئی فلمیں بھی پروڈیوس کی ہیں جس میں ویردھ ، فیملی ، پا ، بوڈھا ہوگا تیرا باپ ، شمیتابھ وغیرہ شامل ہیں۔
امیتابھ نے فلم انڈسٹری کے ساتھ ساتھ ٹیلی ویژن انڈسٹری میں بھی کام کیا ہے۔ سیریل ’دیکھ بھائی دیکھ‘ پروڈیوس کرنے کے علاوہ ، انہوں نے بگ باس سیزن 3 اور کون بنے گا کروڑ پتی کے سیزن 1 سے 3 اور سیزن 4 سے 12 کی میزبانی بھی کی ہے۔ انہیں ہندی سنیما کا سب سے بااثر اداکار مانا جاتا ہے۔امیتابھ بچن کے مداح انہیں بگ بی اور شہنشاہ کے نام سے پکارتے ہیں۔ امیتابھ بچن اداکاری کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر بھی کافی متحرک ہیں اور ان کے مداحوں کی تعداد کروڑوں میں ہے۔ امیتابھ بچن کو فلمی دنیا میں ان کی شاندار خدمات پر حکومت ہند کی طرف سے ہندوستانی سنیما کے سب سے بڑے اعزاز دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس کے علاوہ میگا اسٹار امیتابھ بچن کو سال 1984 میں پدم شری، سال 2001 میں پدم بھوشن اور 2015 میں پدم وبھوشن سے بھی نوازا گیا۔