نئی دہلی(ایچ ڈی نیوز)۔
گجرات میں جاری اسمبلی انتخابی مہم کے درمیان، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جمعرات کو اعادہ کیا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) یکساں سول کوڈ لانے کے لیے پرعزم ہے، لیکن بحث و مباحثہ کے بعد۔ انہوں نے کہا کہ جن سنگھ کے دور سے بی جے پی کا ملک کے عوام سے یہ وعدہ رہا ہے۔
شاہ نے ایک نجی نیوز چینل کے پروگرام میں کہا کہ آئین ساز اسمبلی نے بھی پارلیمنٹ اور ریاستوں کو مناسب وقت پر یکساں سول کوڈ لانے کا مشورہ دیا ہے۔ کیونکہ کسی بھی سیکولر ملک کے لیے مذہب کی بنیاد پر کوئی قانون نہیں ہونا چاہیے۔ پارلیمنٹ اور ریاستی مقننہ کے منظور کردہ قوانین سب کے لیے یکساں ہونے چاہئیں۔
مرکزی وزیر داخلہ نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی کے علاوہ کوئی بھی پارٹی یکساں سول کوڈ کے حق میں نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں بحث ضروری ہے اور یکساں سول کوڈ کے موضوع پر کھلی اور صحت مند بحث ہونی چاہئے۔
مرکزی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ بی جے پی کی حکومت والی ریاستوں ہماچل پردیش، اتراکھنڈ اور گجرات میں سپریم کورٹ اور ہائی کورٹس کے ریٹائرڈ چیف جسٹس کی سربراہی میں ایک پینل تشکیل دیا گیا ہے جس کے سامنے مختلف مذاہب کے لوگ کھل کر اپنے خیالات کا اظہار کر رہے ہیں۔ پینل کی رپورٹ آنے کے بعد ان ریاستوں میں کارروائی کی جائے گی۔ایک سوال کے جواب میں شاہ نے کہا کہ سب سے بڑی کامیابی جموں و کشمیر سے دفعہ 370 کو ہٹانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ان کی ذاتی کامیابی نہیں ہے کیونکہ وہ وزیر اعظم نریندر مودی کی کابینہ میں ہیں اور ہر کامیابی حکومت کی کامیابی ہے۔
دوسری جانب تہاڑ جیل میں بند دہلی حکومت کے وزیر ستیندر جین کی وائرل ویڈیو پر وزیر داخلہ نے کہا کہ آپ جیل کے وزیر کو برطرف کیوں نہیں کر رہے، دنیا دیکھ رہی ہے کہ جیل کے وزیر جیل میں کیا کر رہے ہیں۔