شاہ پور کے نیشنل انٹر کالج کے میدان میں بی جے پی اور راشٹریہ لوک دل کی مشترکہ ریلی منعقد
مظفر نگر/شاہ پور3اپریل (عظمت اللہ خان/ایچ ڈی نیوز)۔
لوک سبھا انتخابات کی مہم کو لے کر بی جے پی اسٹار پرچارک امیت شاہ آج مظفر نگر کے شاہ پور پہنچے۔ یہاں انہوں نے اسٹیج سے اپوزیشن پر شدید حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سال 2017 کے بعد یوپی سے غنڈے ہجرت کرنے لگے ہیں۔ مغربی یوپی میں لوک سبھا انتخابات کی مہم زور پکڑ رہی ہے۔ آج مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور آر ایل ڈی کے صدر جینت سنگھ نے مشترکہ طور پر ریلی کو خطاب کرنے پہنچے۔ مرکزی وزیر مملکت اور بی جے پی امیدوار ڈاکٹر سنجیو بالیان کی حمایت میں شاہ پور قصبہ میں واقع نیشنل انٹر کالج کے میدان میں آج اس جلسہ عام کا اہتمام کیا گیا۔
سٹیج پر وزیر داخلہ امت شاہ اور آر ایل ڈی کے قومی صدر چودھری جینت سنگھ کے ساتھ علاقے کے کئی سینئر لیڈر موجود تھے۔ جلسہ گاہ کی سیکورٹی کے لیے سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے ساتھ بھاری پولیس فورس کو تعینات کیا گیا ہے۔ آر ایل ڈی کے صدر جینت چودھری اور امیت شاہ جیسے ہی ریلی میں اسٹیج پر پہنچے، وہاں موجود لیڈروں نے ان کا استقبال کیا۔ یہاں عوام سے خطاب کرتے ہوئے امت شاہ نے اپوزیشن پر شدید حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ایس پی کی گندگی کو صاف کرنا ہوگا۔مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ اس بار انتخابات میں ایس پی کا صفایا ہونا ہے۔ اسی زمین سے چودھری چرن سنگھ نے کسانوں کی آواز اٹھانے کا کام کیا۔ بی جے پی حکومت نے غریبوں کے فلاحی کام کئے۔
ایس پی نے شوگر ملیں بند کرائیں، بی جے پی نے انہیں شروع کرایا
انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے گنے کی قیمتوں میں اضافہ کیا۔ بی ایس پی نے 19 ملیں بند کروائیں، ایس پی نے 10، جب کہ بی جے پی نے ملیں شروع کر دیں۔ کشمیر ہمارا ہے، بی جے پی حکومت نے آرٹیکل 370 ہٹا دیا۔ ایس پی اور کانگریس کا مغرور اتحاد کبھی بھی رام مندر نہیں بننے دیتا۔
انہوں نے ایک بار پھر مسلم اکثریتی قصبہ کیرانہ کی شبیہ کو داغ دار کرتے ہوئے کہا کہ کیرانہ سے پہلے ہجرت ہوئی۔ تھی۔ 2017 کے بعد یوپی سے غنڈے ہجرت کرنے لگے ہیں۔ ان کا مقصد خاندانی آدمی کو سی ایم اور پی ایم بنانا ہے، بی جے پی غریبوں کو پروموٹ کر رہی ہے۔