واشنگٹن،6 جون (ایچ ڈی نیوز)۔
ہندوستان میں جمہوریت کی صحت کو لیکر اٹھائے جانے والے خدشات کو مسترد کرتے ہوئے امریکہ نے زور دے کر کہا ہے کہ ہندوستان ایک متحرک جمہوریت ہے۔ وائٹ ہاؤس میں قومی سلامتی کونسل میں سیاسی مواصلات کے کوآرڈینیٹر جان کیربی نے پیر کو کہا کہ وزیر اعظم مودی کی قیادت میں ہندوستان ایک متحرک جمہوریت ہے اور جس کو بھی شک ہے وہ نئی دہلی جا کر اسے اپنی آنکھوں سے دیکھ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی انتظامیہ جمہوریت سے متعلق خدشات کے اظہار سے کبھی پیچھے نہیں ہٹی۔
وائٹ ہاؤس کی جانب سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب کانگریس لیڈر راہل گاندھی امریکہ کے شہر نیویارک میں مودی حکومت پر مسلسل تنقید کر رہے ہیں۔ وزیراعظم مودی اس ماہ کے آخر میں امریکہ کا سرکاری دورہ کرنے والے ہیں جہاں امریکی صدر جو بائیڈن اور خاتون اول جل بائیڈن وزیر اعظم مودی کی سرکاری دورے پر میزبانی کریں گے۔ وزیر اعظم کا 22 جون کو امریکی صدر جو بائیڈن کے ساتھ عشائیہ بھی ہے۔
وزیر اعظم مودی کو عشائیہ کی دعوت کے بارے میں پوچھے جانے پر جان کربی نے کہا کہ ہندوستان کئی سطحوں پر امریکہ کا مضبوط ساتھی ہے۔ ہمارے دونوں ممالک کے درمیان بہت زیادہ اقتصادی تجارت ہے۔ وزیر دفاع آسٹن نے بھی ابھی کچھ اضافی دفاعی تعاون کا اعلان کیا ہے جسے ہم ہندوستان کے ساتھ آگے بڑھانے جا رہے ہیں۔