نئی دہلی، 13 فروری۔ راوز ایونیو کورٹ نے جامعہ نگر میں پولیس ٹیم پر مبینہ طور پر حملے کی قیادت کرنے کے الزام میں درج نئی ایف آئی آر کے معاملے میں عام آدمی پارٹی کے اوکھلا کے ایم ایل اے امانت اللہ خان کو راحت دی ہے۔ خصوصی جج جتیندر سنگھ نے امانت اللہ خان کی گرفتاری پر 24 فروری تک روک لگا دی ہے۔ امانت اللہ خان نے راوز ایونیو کی عدالت میں پیشگی ضمانت کی درخواست دائر کی ہے۔
کورٹ سے راحت ملنے کے بعد اوکھلا کے ممبراسمبلی امانت اللہ خان پولس کے نوٹس کا جواب دینے کے لئے جامعہ نگر تھانہ پہنچے۔انہوں نے کہا کہ میں کہیں فرار نہیں ہوا، میں اپنے گھر پر تھا۔ انہوں نے میڈیا پر الزام عائد کی کہ میڈیا میری شبیہ خراب کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولس نے مجھے نوٹس دیا تھا اور پانچ بجے تک حاضر ہونے کیلئے کہا تھا۔اب میںاپنے گھرپرتھا اور اب یہیں سے پولس تھانہ آیا ہوں، آپ لوگوں نے دیکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ میڈیا یکطرفہ خبریں چلا کر ہماری شبیہ خراب کررہی ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ کل میں راوز ایونیومیں سی بی آئی کورٹ میں حاضر ہوا تھا۔ جب پولس نے ہمیں حاضر ہونے کا نوٹس دیا تھا تو گرفتارکرنے کی بات کہاں سے آگئی۔پتہ نہیں آپ لوگوں کو کہاں سے یہ خبریں مل جاتی ہیں کہ امانت اللہ خان بھاگا ہوا ہے۔ امانت اللہ بھگوڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ آپ تفتیشی ایجنسی نہیں ہیں۔ آپ لوگ یکطرفہ خبریں چلانے سے پرہیز کریں۔
واضح رہے کہ دہلی پولیس نے امانت اللہ خان کے خلاف 11 فروری کو جامعہ نگر میں پولیس ٹیم پر حملے کی قیادت کرنے پر ایف آئی آر درج کی تھی۔ پولیس کے مطابق امانت اللہ خان پر قتل کی کوشش کے مقدمے میں مفرور شہباز خان کو پولیس کی حراست سے فرار ہونے میں مدد کرنے کا الزام ہے۔ دہلی پولیس کے مطابق کرائم برانچ کی ٹیم نے شہباز خان کو گرفتار کرنے کی کوشش کی تھی لیکن امانت اللہ خان کے حامیوں کی پولیس ٹیم سے مبینہ طور پر جھڑپ ہوئی جس کی وجہ سے شہباز موقع سے فرار ہو گیا۔
ویڈیو دیکھیں
https://fb.watch/xJOZMUWn4_/
امانت اللہ خان کے خلاف دہلی وقف بورڈ میں بھرتیوں میں بے ضابطگیوں کے معاملے میں سی بی آئی اور ای ڈی کی طرف سے دائر کیس کی سماعت راوز ایونیو کورٹ میں ہو رہی ہے۔ امانت اللہ خان کو ای ڈی نے 2 ستمبر 2024 کو گرفتار کیا تھا۔ یکم مارچ 2023 کو عدالت نے امانت اللہ خان کو جنوبی دہلی کے مدن پور کھادر علاقے میں میونسپل کارپوریشن کی انسداد تجاوزات مہم میں رکاوٹ ڈالنے کے معاملے میں بری کر دیا تھا۔
