احمد آباد،: گجرات اے ٹی ایس نے اتر پردیش کے بدایوں سے امن سکسینہ نامی نوجوان کو پیر کو جام نگر میں وزیر اعظم نریندر مودی کی ریلی کے دوران جان سے مارنے کی دھمکی دینے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ ملزم نے ایک خاتون اور اس کے عاشق کو پھنسانے کے لیے یہ سازش رچی تھی۔
اس کے لیے اس نے لڑکی کے عاشق کے نام سے ایک آئی ڈی بنائی اور اس کے ذریعے پی جی پورٹ پر وزیر اعظم نریندر مودی کو جان سے مارنے کی دھمکی دی۔ یہی نہیں نوجوان نے دہلی میں سینٹرل سیکرٹریٹ کی عمارت کو دھماکے سے اڑا دینے کی دھمکی بھی دی تھی۔ کسی کو اس پرشک نہ ہو، اس لئے اس نے ای میل میں لڑکی کا نام اور خود کو سازشی کے طور پر بھی لکھا ۔ ملزم نوجوان نے آئی آئی ٹی ممبئی سے بی ٹیک کی تعلیم حاصل کی ہے۔ اے ٹی ایس کی جانچ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزم ایک لڑکی سے محبت کرتا تھا لیکن لڑکی کو دوسرے نوجوان سے محبت تھی۔ اس پر نوجوان نے لڑکی کو بدنام کرنے کی سازش کے تحت لڑکی کے بوائے فرینڈ کے نام سے جعلی ای میل آئی ڈی بنائی۔
29 ستمبر سے 25 نومبر کے دوران ملزم نے پی جی پورٹل پر تقریباً 12-15 میل کیے تھے۔ اپنی جانچ کے دوران اے ٹی ایس نے ملزم کے مقام کا پتہ لگایا اور اسے بدایوں سے گرفتار کر لیا۔ اے ٹی ایس نے اس کے خلاف آئی ٹی ایکٹ اور آئی پی سی کی دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کر کے کارروائی شروع کر دی ہے۔