لکھنؤ(ایچ ڈی نیوز)۔
الہ آباد ہائی کورٹ کی لکھنؤ بنچ نے منگل کو اتر پردیش میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق اپنا فیصلہ سنایا۔ ہائی کورٹ نے دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی) ریزرویشن کو منسوخ کرتے ہوئے فوری انتخابات کرانے کا حکم دیا ہے۔ عدالت کے فیصلے کے ساتھ ہی ریاست میں بلدیاتی انتخابات کا راستہ صاف ہوگیا ہے۔
جسٹس دیویندر کمار اپادھیائے اور جسٹس سوربھ لاوانیا کی ڈویژن بنچ نے او بی سی ریزرویشن کو چیلنج کرنے والی عرضیوں پر یہ فیصلہ سنایا ۔ ہائی کورٹ نے 87 صفحات پر مشتمل اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ ٹرپل سروے کے بغیر بھی انتخابات کرائے جا سکتے ہیں۔ عدالت نے او بی سی ریزرویشن کے بغیر جلد از جلد انتخابات کرانے کا حکم دیا ہے۔عدالت کے فیصلے کے ساتھ ہی انتخابات کی تیاریاں تیز ہو گئی ہیں۔ جنوری میں انتخابات متوقع ہیں۔ الیکشن کی تاریخوں کا اعلان جلد کیا جا سکتا ہے۔