نئی دہلی، 21 جنوری(ایچ ڈی نیوز)۔
طب یونانی کی ترقی و فروغ کے تعلق سے ملک کی متحرک و سرگرم تنظیم ’آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس‘ کی جانب سے 12 فروری 2023 کو کانسٹی ٹیوشن کلب آف انڈیا، رفیع مارگ، نئی دہلی میں ’ورلڈ یونانی میڈیسن ڈے‘ کے موقع پر پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا جس کی تیاریوں کے تعلق سے آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس فارمیسی ونگ کی ایک میٹنگ دریاگنج، نئی دہلی میں منعقد ہوئی جس کی صدارت ڈاکٹر حبیب اللہ (چیف میڈیکل آفیسر، تہاڑ جیل) نے کی جبکہ مہمان خصوصی کی حیثیت سے حکیم عزیزالرحمن بقائی (سربراہ بقائی دواخانہ) نے شرکت فرمائی۔ اس اہم نشست میں تنظیم کے روح رواں اور قومی سکریٹری جنرل ڈاکٹر سیّد احمد خاں جلوہ افروز تھے۔
میٹنگ کا آغاز حکیم مولانا محمد مرتضیٰ کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ متفقہ طور پر یہ فیصلہ لیا گیا کہ ’عالمی یوم یونانی میڈیسن‘ کے موقع پر حسب سابق 12 فروری کو کانسٹی ٹیوشن کلب آف انڈیا، نئی دہلی میں ایک عظیم الشان پروگرام کا انعقاد ہوگا جس کی تیاریوں کے تعلق سے تبادلہ خیال ہوا۔ منتظمہ کمیٹی کے اراکین کے درمیان تقسیم کار کے تعلق سے ذمہ داریاں دی گئیں۔
اس موقع پر یادگاری مجلہ کی طباعت بھی کرائی جائے گی بالخصوص طب یونانی کے میدان میں نمایاں کام کرنے والے معزز حضرات کو ان کی خدمات کے اعتراف میں ایوارڈز اور توصیفی سند سے نوازا جائے گا۔ میٹنگ میں فارمیسی وِنگ کے قومی صدر حکیم ارباب الدین، قومی نائب صدر حکیم اعجاز احمد اعجازی، جنرل سکریٹری حکیم عزیر بقائی، نائب سکریٹری حکیم محمد نعیم رضا، صوبائی صدر (دہلی) ڈاکٹر محمد شکیل، نائب صدر حکیم مولانا محمد مرتضیٰ، ٹریزرر حکیم عطاءالرحمن اجملی اور ڈاکٹر جنید عارف نے اظہار خیال کیا۔ تنظیم کے قومی سکریٹری جنرل ڈاکٹر سیّد احمد خاں نے اپنے پیغام میں ملک بھر کے اراکین تنظیم کو اس پروگرام کو کامیاب بنانے اور سبھی اہلیان طِب کو اس اہم پروگرام میں شرکت کی درخواست کی۔ بعد ازاں صدر مجلس نے پروگرام کی تیاریوں کے تعلق سے اہم امور پر خطاب فرمایا۔ اخیر میں قومی صدر فارمیسی وِنگ نے سبھی شرکاء حضرات کا شکریہ ادا کیا۔