April 22, 2025
Hamari Duniya
Breaking News

جو بے زبان ہیں مجھ سے زباں لڑاتے ہیں:تنویر گوہر

اُردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کے زیر اہتمام مظفرنگر میں،،ایک شام خورشید حیدر کے نام ،، آل انڈیا مشاعرہ کا انعقاد:

مظفرنگر:27مئ( عزیز الرحمن خاں،حارث خان/ ایچ ڈی نیوز)

مظفرنگر میں اردو ڈیولپمینٹ آرگنائزیشن کے زیر اہتمام ایک شام خورشید حیدر کے نام “آل انڈیا مشاعرہ” گوڈس گریس انٹر کالج، ، مظفرنگر کے سروٹ میں منعقد ہوا ،جس کی صدارت استاد شاعر ڈاکٹر صداقت دیوبندی نے کی ۔مشاعرہ کی شمع اکرم قریشی (چیئرمین قصبہ شاہپور) ، انتظار پردھان، منیش چودھری، ڈاکٹر شمیم الحسن ، کلیم تیاگی و تحسین علی اساروی نے مشترکہ طور پر روشن کی۔اسعد فاروقی،ساجد حسن تیاگی کی معاونت و کنوینر شپ میں مشاعرہ کامیاب رہا۔

اس موقع پر آرگنائزیشن کے عہدہ داران کی جانب سے خورشید حیدر کا شاندار استقبال کیا گیا اور اعزازی طور پر سپاس نامہ پیش کیا گیا۔ اردو ڈیولپمینٹ آرگنائزیشن کے ضلع صدر کلیم تیاگی نے استقبالیہ خطبہ پیش کرتے ہویے کہا کہ خورشید نے اپنی شاعری سے بر صغیر میں مظفرنگر کا نام روشن کیا ہے، ملک اور بیرونی ممالک میں اردو زبان کے فروغ اورمشاعروں کی دنیا میں خورشید کی مانند اپنی چمک دمک کے ساتھ قائم رکھی آج یہی ’’خورشید حیدر‘‘ اپنی خوبصورت شاعری اورکھنکتی ہوئی آواز سے غزل کی دنیا میں جو انقلاب برپا کیے ہوئے ہیں۔، وہ قابل فخر بھی ہے اور لائق رشک بھی۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی مشاعرے میں خورشید حیدر کی موجودگی مشاعرےکی کامیابی کی ضمانت ہوا کرتی ہے۔تحسین علی اساوری نے کہا کہ خورشید حیدر کے کلام میں بلا کی فصاحت و بلاغت، روانی و نغمگی، اور تغزل کی چاشنی پائی جاتی ہے۔بعد ازاں

محمد احمد کی نعت پاک سے مشاعرے کا آغاز ہوا۔ منتخب اشعار قائین کی خدمت میں پیش ہیں۔

غیر پروں پر اڑ سکتے ہیں حد سے حد دیواروں تک

امبر تک تو وہی اڑیں گے، جن کے اپنے پر ہونگے

خورشید حیدر

پہلے ہر آدمی انسان ہوا کرتا تھا

بعد میں ہندو اور مسلمان ہوا کرتا تھا

بلال سہارنپوری

حکومتیں جنہیں کہتے ہیں یوں نہیں چلتیں

پتا ہے سب ہمیں جس آب و تاب میں تم ہو

ڈاکٹر صداقت دیوبندی

اس زندگی میں ایک نئی صبح لئے ہوئے

سورج مکھی کا پھول ہے سورج لیے ہوئے

عبدالحق سحر

وہ تیرا باپ لے کر گھومتا ہے جیب میں کٹّا

نہ جانے کس گلی میں زندگی کی شام ہو جائے

سکندر حیات گڑبڑ

بات انسان کے کردار کی ہوئی ہے میاں

ورنہ پیسے تو طوائف بھی کما لیتی ہے

محمود اثر

یوں بھی غصہ آ گیا کل مجھ کو میرے ڈیڈ پر

خط کسی کو لکھ رہے تھے میرے لیٹر پیڈ پر

جہاز دیوبندی

جو بے زبان ہیں مجھ سے زباں لڑاتے ہیں

مرے خلاف ہوا ہے وگرنہ کچھ کہتا

تنویر گوہر

اس پار جلانی ہیں ہمیں کشتیاں اپنی

جو موت سے ڈرتا ہو وہ اس پار اتر جائے

ریاض ساغر

اب ظلم کی تاریخ بھلا کون لکھے گا

جب ظلم کو لکھنے میں قلم ٹوٹ رہے ہیں

ڈاکٹر طاہر قمر میرانپوری

پرانی سیف سے ماضی کا اک قصہ نکل آیا

میں چشمہ ڈھوندتا تھا اور ترا جھمکا نکل آیا

ارشد ضیا

اسے اپنا سمجھوں تو کیسے

جو شامل مرنے جینے میں نہیں ہے

احمد مظفرنگری

خواب ہی ٹوٹ گیا پیڑ کی ہر ڈالی کا

آپ سے فرض نبھایا نہ گیا مالی کا

نوید انجم

تڑپا دیا کبھی، کبھی بہلا دیا مجھے

زلفوں کی طرح آپ نے الجھا دیا مجھے

سیف حیدر

کیوں ہے مغرور تو بلندی پر

جب وہ چاہے زوال دیتا ہے

ڈاکٹر تحسین ثمر چرتھاولی

غربت ہے پھر بھی دیتا ہوں سائل کو کچھ نہ کچھ

اک یہ سبب ہے گھر میں برکت ابھی بھی ہے

شاہد ارمان

شاعرے کو کامیاب بنانے میں صدر کلیم تیاگی ، اسعد فاروقی،شمیم قصار، تحسین علی، ساجد حسن تیاگی، ڈاکٹر فرخ حسن، ماسٹر ندیم ، بدرالزماں خان، گلفام احمد، عشرت تیاگی، توحید تیاگی، قاری سلیم مہربان ، شہزاد علی تیاگی ، ڈاکٹر سلیم سلمانی، حاجی شکیل، حاجی سلامت راہی، ماسٹر خلیل احمد نے اہم کردار ادا کیا ۔مشاعرے میں خاص طور سے جن شخصیات نے شرکت کی۔ ان میں وکاس بالیان بنی چودھری فیض الرحمن، انتظار تیارگی، ڈاکٹر نجم الحسن زیدی، امیر اعظم ایڈوکیٹ، محبوب عالم ایڈوکیٹ، ظفریاب خان، ماسٹر خورشید عالم، انجینئر نفیس رانا، اظہر فاروقی، ڈاکٹر شمیم ملک، سلیم تیاگی، محمد اقرار، حکیم عطاء الرحمن اجملی، محمد صدام رانا، محمد سلمان، قاری حذیفہ، مولانا حسین قاسمی کے علاوہ شہر اور علاقے کے سینکڑوں معزز حضرات نے شرکت فرمائی۔ اس موقع پر گاڈز گریس انٹر کالج کے ڈائریکٹر ساجد حسن تیاگی کے والد حافظ محمد اصغر نے خورشید حیدر کو گل پوشی کر کے ان کا استقبال کیا اور دعاؤں سے نوازا۔ پروگرام نہایت کامیاب رہا اور رات تین بجے تک چلتا رہا۔ سامعین نے شعرا کرام کو بھرپور داد و تحسین سے نوازا۔ اخر میں کنوینر اسعد فاروقی اور ساجد حسن تیاگی نے تمام مہمانان کا شکریہ ادا کیا۔نظامت کے فرائض ریاض قریشی کھتولی نے انجام دیے

Related posts

میئر کے انتخاب میں بی جے پی کی گندی سیاست کے خلاف ’عام آدمی پارٹی پہنچی سپریم کورٹ

Hamari Duniya

سعودی عرب میں شوال کا چاند نظر آگیا، جانئے کن کن ممالک میں جمعہ کو ہوگی عیدالفطر

Hamari Duniya

مسلسل 8ویں مرتبہ خواتین ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچی بھارتی ٹیم

Hamari Duniya