سہارنپور، 21 نومبر(ایچ ڈی نیوز)۔
آل انڈیا دینی مدارس بورڈ کا تعلیمی وفد تیسرے دن پنجاب سے واپسی پر جامعہ قرآنیہ فیضِ یونس الحدیث مظاہر العلوم سہارنپور کے ادارے میں مرزا پور پہونچا۔ جس میں شرکائے وفد مفتی مجیب الرحمان مظاہری استادِ حدیث دارالعلوم شاہ بہلول سہارنپور ،مولانا محمد ذاکر مظاہری استادِ حدیث جامعۃ الطیبات سہارنپور ،قاری عبدالسبحان رحمانی سکریٹری ملی تعلیمی ٹرسٹ سہارنپور، قاری محمد شاہجہاں نگراں دارالاقامہ حامعۃ الطیبات سہارنپور وغیرہ حضرات مولانا محمد یعقوب بلند شہری کی قیادت میں شریکِ وفد رہے ۔
جامعہ قرآنیہ فیضِ یونس میں علماء ،طلباء وحاضرین کو خطاب کرتےہوئے مولانا محمد یعقوب بلند شہری نے فرمایا کہ یہ بچے اہلِ مدارس کے پاس امانت ہیں ان کی اچھی سے اچھی ،اعلیٰ سے اعلیٰ تعلیم اور نیک سے نیک تربیت کرنے کی کوشش کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے’اور یہ بچے اور بچیاں جو ان مکاتب اور مدارس میں پڑھ رہے ہیں۔
آل انڈیا دینی مدارس بورڈ کے دروازے ان کی اعلیٰ دینی اور دنیوی تعلیم کے لئے ہمیشہ کھلے ہوئے ہیں ان بچوں کی ان مدارس و مکاتب میں جہاں تک بھی تعلیم کا نظم ہے اس سے آگے کی تعلیم کے لئے آپ انھیں جامعۃ الطیبات سہارنپور بھیجئیے ،مظاہرالعلوم بھیجئیے یا اور بھی کسی بڑے سے بڑےادارے میں یہ بچے تعلیم حاصل کرناچاہتے ہیں تو بورڈ ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑا ہے۔۔
دوسری بات مولانا بلند شہری نے علمائے کرام اور اساتذۂ عظام سے کہی کہ ہماری زندگی کا مصرف ومحور صرف یہی سو دوسو طلبہ اور یہ مدرسے کی چہار دیواری ہی نہیں ہونی چاہیۓ ۔بلکہ پوری دنیا مدرسہ ہے درسگاہ ہے دنیا میں بسنے والےتمام انسان و تمام مسلمان طالب علم ہیں’أِنِّیْ رَسُولُ اللہ الیکم جمیعاً۔ اللہ تعالٰی نے پوری دنیا کے انسانوں کے لئے رسول اللہ صلیٰ اللہ علیہ وسلم کومعلم بناکر بھیجا ،تو ہم علماء کرام،اساتذۂ عظام واھلِ مدارس کو یہ فکر دامنگیر ہونی چائیے کہ ایک ایک بچہ،ایک ایک بچی ،ایک ایک فرد ، ایک ایک عورت، اس امت کا ایک ایک مسلمان اور ایک ایک انسان صراطِ مستقیم پر چلنے والا،اس پر زندگی گزارنے والا اور اسی پر مرنے والا ہونا چاہئیے۔ راتوں کو ہم اللہ سے مانگیں اور دن بھر ہم کوشش وجدوجھد کریں امید ہے کہ اللہ تعالیٰ ہماری ان کوششوں کے نفع کوعام کرےگا اور انشاء اللہ تعالیٰ تام کرےگا اوراسکے بعد اپنا یہ تین روزہ سفرطے کرکے یہ تعلیمی وفد بعد نمازِ عصر جامعۃ الطیبات سہارنپور خیروخوبی کے ساتھ الحمداللہ ثم الحمداللہ واپس پہونچ گیا۔ اس کی اطلاع مفتی محمد سالم صاحب قاسمی۔ استادِ حدیث جامعۃ الطیبات حبیب گڑھ روڈ سہارنپور نے دی۔