اپنے اسلاف کو یاد کرنا ہم سبھی کا اخلاقی فریضہ ہے: عبد السلام انصاری
پٹنہ، 06 نومبر: ملک کے پہلے وزیر تعلیم بھارت رتن مولانا ابوالکلام آزاد ایک عبقری شخصیت کا نام ہے انہوں نے ملک کی خدمات میں جو کارہائے نمایاں انجام دیا اسے کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ مذکورہ خیالات کا اظہار جدیو کے رکن قانون ساز کونسل ڈاکٹر خالد انور نے پٹنہ میں واقع اپنے ایم ایل سی فلیٹ پر آل بہار اردو ٹیچرس ایسوسی ایشن کے ایک وفد کے ساتھ منعقد ایک خصوصی میٹنگ میں کہیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا ابوالکلام آزاد کے ہم پر بڑے احسان ہیں ہمیں ان کی خدمات سے عوام الناس کو روشناس کرانے کی ضرورت ہے۔ ایم ایل سی موصوف نے وزیر اعلی بہار نتیش کمار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ حال ہی میں بہار کی راجدھانی پٹنہ میں ہر دلعزیز وزیر اعلی نتیش کمار نے مولانا ابوالکلام آزاد میموریل پارک کے خوبصورت افتتاح کا اعلان کرکے ان سے سچی محبت اور بہترین خراج عقیدت کا نمونہ پیش کیا ہے۔
اس پارک کا افتتاح 11 نومبر کو مولانا آزاد کی یوم پیدائش کی مناسبت سے بہار سرکار کے ذریعے کیا جائے گا۔ ڈاکٹر موصوف نے 10 نومبر کو یوم تعلیم کی مناسبت سے آل بہار اردو ٹیچرس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے سمینار وتقسیم ایوارڈ تقریب میں شرکت کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ مولانا آزاد ہمارے ملک کے عظیم سپوت تھے ان کی یاد میں منعقد ہر طرح کی تقریب میں ہم شرکت کے متمنی ہیں۔
اس موقع سے ابوٹا کا وفد نے سکنڈری ایجوکیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر عبد السلام انصاری سے ایک خصوصی ملاقات بہار سیکرٹریٹ پٹنہ میں واقع ان کے دفتر میں کی۔ اس ملاقات میں انہوں نے بہار کے اسکولوں میں بچوں میں تعلیم کی طرف بڑھتے رجحانات پر روشنی ڈالی اور انہوں نے تعلیم کی ترقی کے لئے بہار سرکار کی طرف سے چلائے جارہے منصوبے کے تعلق سے با التفصیل باتیں رکھی۔ انہوں 10 نومبر کو یوم تعلیم کی قبل شام پر ابوٹا کے ذریعے منعقد ہونے والی سمینار وتقسیم ایوارڈ تقریب میں شرکت کی یقین دہانی کرائی اور آل بہار اردو ٹیچرس ایسوسی ایشن کے وفد کو اس اہم پروگرام کے انعقاد کرنے کے لئے مبارکباد پیش کیا۔ اس خصوصی ملاقات میں اس ایسوسی ایشن کے ریاستی صدر ڈاکٹر عقیل احمد، سکریٹری محمد امان اللہ، تنظیمی سیکریٹری عزیر سالم، خازن فیروز عالم، ضلعی صدر محمد نعیم الدین، میڈیا انچارج محمد سرافیل، اور جوائنٹ سکریٹری مہر عالم چمپارنی وغیرہم شامل تھے۔