نئی دہلی،21اکتوبر(ایچ ڈی نیوز)۔
الشفا ہاسپٹل نے میڈیکل سروس سوسائٹی کے اشتراک سے جامعہ نگر کے ملی ماڈل اسکول میں مفت میڈیکل کیمپ لگایا جس میں، الشفا کے ڈاکٹروں پر مشتمل میڈیکل ٹیم نے ساڑھے تین سو سے زائد بچوں کی طبی جانچ کی اور انہیں مفت دوائیں بھی دی گئیں۔الشفا کے ہیلتھ مینیجر ڈاکٹر عارف ندوی نے بتایا کہ الشفا کی موبائل میڈیکل وین دہلی کے مختلف علاقوں میں ہر روز پہونچ کر مفت طبی سہولیات فراہم کراتی ہے۔ اسی کے تحت آج ملی ماڈل اسکول کے بچو ں اور اساتذہ کی مفت طبی جانچ کی گئی۔اس میں تین اسپیشلسٹ ڈاکٹر شریک ہوئے، انہوں نے جنرل فزیشین، ماہر امراض نسواں اور بچوں کے ڈاکٹر شامل تھے۔
ڈاکٹر عارف ندوی نے مزید کہا کہ الشفا نے دہلی میں 2018 میں پہلی موبائل میڈیکل شروع کیا تھا جس کا افتتاح دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجری وال نے کیا تھا۔میڈیکل سروس سوسائٹی، جھارکھنڈ، باڑمیر اور دہلی میں موبائل میڈیکل وین سروس چلارہی ہے، جس سے کمزور طبقات کے درمیان صحت بیداری پیدا ہوءہے اور اور لوگوں کو خطرناک بیماریوں سے بچانے میں مدد ملی ہے۔ملی ماڈل اسکول کے مینجر پروفیسر محمد ابراہیم نے طبی عملے کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ الشفا نے ہمارے بچوں کی مفت طبی جانچ کی ہے اور مفت دوائیں بھی دی ہیں. یہاں بہت جلد آنکھوں کی جانچ کا کیمپ بھی لگایا جا ئے گا۔