نئی دہلی،05مئی (ایچ ڈی نیوز)۔
دہلی کے شاہین باغ سے متصل جھگی بستی شرم وہارمیں غربیوں، اور بے سہارا لوگوںمیں علم کی شمع روشن کرنے کے لئے الخیر فاو¿نڈیشن نے بیڑا اٹھایا ہے۔اسی سلسلہ میں آج ادارہ کی جانب سے یہاں کے طلبہ کے لئے ایک لائبریری ’لائبریری ان سلم‘ کا قیام عمل میں آیا ہے۔تاکہ یہاں کے بچے اپنا زیادہ سے زیادہ وقت تعلیم حاصل کرنے پر صرف کرسکیں۔ الخیر فاونڈیشن کی چیئر پرسن ڈاکٹر درخشاں فردوس نے بتایا کہ گزشتہ سات آٹھ سالوں سے ہماری تنظیم یہاں تعلیم کے ساتھ ساتھ مختلف سماجی کاموں کے لئے کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اصل میں ہماری تنظیم کا بنیادی کام کینسر کے غریب اور مجبور مریضوں کے لئے اسپتال قائم کرنا تھا۔ لیکن جب ہم نے اس کی شروعات کی اور یہاں کا دورہ کیا توکئی طرح کے مسائل سامنے آئے، اور یہاں کے لوگوں کے حالات کو دیکھتے ہوئے ہم لوگوں نے ایجوکیشن پر کام کرنازیادہ مناسب سمجھااور ضرورت کے حساب مختلف سماجی کاموں کو بھی انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے الخیر فاونڈیشن کے خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے مزید کہا کہ الخیر فاونڈیشن گزشتہ سات آٹھ سالوں سے یہاں کام کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ادارہ کے لئے یہ جگہ لیز پر لے رکھا ہے، پہلے ہم نے 5سالوں کے لئے لیا تھا لیکن اب ہم نے اسے بڑھا کر 35سال کردیا ہے۔ڈاکٹر درخشاں فردوس نے کہاکہ سینکڑوں طلبہ یہاں سے نکل کر دہلی کے مختلف اسکولوں میں اعلیٰ تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ طلبہ کو مزید سہولیات فراہم کرنے کے لئے ایک سے 12ویںکلاس تک کے بچوں کو تیاری کرانے کی غرض سے آج یہ لائبریری قائم کی گئی ہے اور اگر یہاں کے بچے ہم لوگوں سے میڈیکل ، آئی آئی ٹی یا دوسرے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لئے جس طرح کا بھی سلیبس کا مطالبہ کریںگے ہم فری میں ان کو دستیاب کرائیں گے۔
ڈاکٹر درخشاں نے کہا کہ اس وقت ہمارے پاس 45-50بچے یہاں پڑھنے کے لئے آتے ہیںاور ابھی مزید بچے آئیں گے۔لائبریری کے افتتاح کے موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرنے والے سماجی کارکن شمس الضحیٰ نے ڈاکٹر ڈرخشاں فردوس کے جذبے کی جم کرتعریف کی۔انہوں نے کہا کہ اس جھگی میں لائبریری کو قائم کرکے انہوں نے بڑی بہادری کا کام کیا ہے۔انہوں نے یہاں کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ الخیر فاو¿نڈیشن کے اس مہم میں اس کا ساتھ دیں۔
اس موقع پر ڈاکٹر انتخاب الرحمن، فاونڈیشن کے صدر،ایم آئی صدیقی، پروجیکٹ مینیجر،اسکول کی انچارج محترمہ نشاط اور دیگر مہمانوں نے الخیرفاونڈیشن کی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔ لائبریری کے افتتاح کے موقع پر بچوں کے والدین نے بھی شرکت کی۔وہ کافی خوش نظر آرہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ الخیر فاو¿نڈیشن کی چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں فردوس کا جتنا بھی شکریہ ادا کریں وہ کم ہے۔یہاں پر موجود خواتین لائبریری کے قیام سے کافی جذباتی نظر آئیں ،انہوں نے کہاکہ الخیرفاونڈیشن نے ہمارے بچوں کیلئے تعلیم کا انتظام کرکے ہمیں جینے کا حوصلہ دیا ہے۔