الفلاح فاؤنڈیشن کا جون میں ہونے والا پروگرام تاریخی ہوگا:یاسر پٹھان
شاہ گنج، 7 مئی (امتیاز ندوی نامہ نگار): خون عطیہ کیلئے مشہور تنظیم الفلاح فاؤنڈیشن (بلڈ ڈونیٹ گروپ) کا ایک عظیم الشان پروگرام جون ماہ میں ضلع جونپور کے شاہ گنج میں منعقد ہونے جا رہا ہے۔پروگرام میں اطراف کے اضلاع سے الفلاح فاؤنڈیشن کے ذمہ داروں کی شرکت متوقع ہے۔ اس موقع پر الفلاح فاؤنڈیشن شاہ گنج یونٹ کے ذمہ دار جناب یاسر پٹھان نے پروگرام کے متعلق اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ پروگرام جون میں پلان کیا گیا ہے، جس میں شاہ گنج الفلاح فاؤنڈیشن یونٹ کے علاوہ اطراف کے گاؤں، قصبات اور اظلاع سے الفلاح فاؤنڈیشن کے چاہنے والے شرکت کریں گے۔ پروگرام کے کورڈینیٹر الفلاح فاؤنڈیشن شاہ گنج یونٹ کے ذمہ دار جناب اسماعیل شیخ صاحب نے بتایا کہ منعقد ہونے والے پروگرام میں الفلاح فاؤنڈیشن بانی جناب ذاکر حسین صاحب بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ پروگرام الفلاح فاؤنڈیشن کا ایک تاریخی پروگرام ہوگا۔ واضح رہے کہ الفلاح فاؤنڈیشن گزشتہ پانچ برسوں سے خون عطیہ کے میدان میں بڑی دلجمعی سے کام کر رہی ہے۔ الفلاح فاؤنڈیشن سے اب تک 690 مریضوں کو ہزاروں یونٹس خون مل چکا ہے۔ الفلاح فاؤنڈیشن اہرولہ یونٹ کے جناب معراج خان صاحب نے بتایا کہ پروگرام کے انعقاد کی کئ وجوہات ہیں، جس میں تنظیم کے ذریعہ 700 مریضوں کو خون ملنے کا ٹارگٹ پورا ہونے کی خوشی، 21 جون کو یوم خون عطیہ اور سب سے بڑی وجہ تنظیم کے دائرے کو بڑھانا ہے۔پروگرام میں خون عطیہ تحریک کے روح رواں جناب ذاکر حسین صاحب کی شرکت کی خبر سے کارکنان میں جوش پایا جا رہا ہے۔اس موقع پر الفلاح فاؤنڈیشن کے کچھ سرگرم ذمہ داروں کو ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ایوارڈ سے بھی نوازا جائے گا۔